عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو جموں صوبہ کے گرمائی زون سے تعلق رکھنے والے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے سالانہ ریگولر بورڈ امتحانات میں 15 فیصد نصابی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ تعلیمی سیشن کے دوران طویل عرصے تک خراب موسم، سیلاب جیسی صورتحال اور جنگ جیسے حالات کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی، جس کے پیش نظر دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے گرمائی زون کے طلبہ کو نصاب میں 15 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان حالات کی وجہ سے نصاب کی بروقت تکمیل ممکن نہ ہو سکی، جس سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ اس رعایت کا مقصد تعلیمی برابری کو یقینی بنانا اور آنے والے امتحانات میں گرمائی زون کے طلبہ کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانا ہے۔شیڈول کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات 17 فروری، بارہویں جماعت کے امتحانات 23 فروری جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات 28 فروری سے شروع ہوں گے۔
خراب موسم اور حالات کے پیش نظر گرمائی زون کے امتحانات میں 15 فیصد رعایت