محمد تسکین
بانہال/جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اُدھمپور ضلع میں شاردا ماتا مندر کے قریب منگل کی صبح پیش آئے ایک بڑے سڑک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اُدھمپور کی جانب جا رہی ایک بس، مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث، ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اور اس کا ساتھی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اسی دوران بے قابو بس نے سڑک کنارے ایک مہندرا لوڈ کیریئر کی مرمت میں مصروف دو مکینکوں/ گاڑی مستریوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا، جس کے نتیجے میں دونوں مکینک بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو طبی قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر دلخراش سڑک حادثہ، چار افراد جاں بحق