عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے دور افتادہ علاقوں میں دو الگ الگ طبی ہنگامی صورتحال کے دوران پولیس نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے دو شدید بیمار خواتین کو بروقت بچا کر اسپتال پہنچا دیا۔ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن خانصاحب کو پہلی اطلاع بٹہ پورہ شیخ پورہ سے موصول ہوئی، جہاں ایک خاتون شدید تکلیف میں مبتلا تھی اور اس کی حالت بگڑتی جا رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی۔ایس ایچ او کی قیادت میں پولیس ٹیم بغیر کسی تاخیر کے موقع پر پہنچی اور مریضہ کو محفوظ طریقے سے ہسپتالِ منتقل کیا، جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اسی روز پولیس اسٹیشن خانصاحب کو دوسری ہنگامی کال دور افتادہ علاقے سے موصول ہوئی، جہاں ایک حاملہ خاتون کی طبی حالت تشویشناک تھی اور فوری اسپتال پہنچانا ضروری تھا۔ سخت سردی، دشوار گزار راستوں اور خراب زمینی حالات کے باوجود پولیس ٹیم نے برق رفتاری سے کارروائی کی اور خاتون کو نہایت احتیاط کے ساتھ اسپتال منتقل کیا۔مقامی لوگوں نے پولیس کی اس تیز رفتار اور انسان دوستی پر مبنی کارروائی کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علاقوں میں جہاں ایمبولینس یا دیگر طبی سہولیات تک رسائی مشکل ہوتی ہے، پولیس ہی واحد سہارا بن جاتی ہے۔
پولیس نے کہا کہ جان بچانا اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال میں عوام بلا جھجھک پولیس سے رابطہ کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ ایسے انسانی بنیادوں پر مبنی اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
بڈگام میں پولیس کی بروقت کارروائی، دو شدید بیمار خواتین کی جان بچائی