اظہرحسین
کولگام/ضلع کولگام میں شدید برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔
گزشتہ رات تیز آندھی کے نتیجے میں چند رہائشی مکانات کی چھتوں کو نقصان پہنچا۔ صبح تقریباً 6 بجے سے دوبارہ برف باری شروع ہوئی جو رات گئے تک مسلسل جاری رہی۔
ضلع انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر تمام رابطہ سڑکوں پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا، جس کے نتیجے میں بیشتر سڑکوں سے برف صاف کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے پیشگی طور پر مختلف علاقوں میں ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
برف باری کے دوران سول انتظامیہ، پولیس اور سی آر پی ایف نے عوام کی مدد میں نمایاں کردار ادا کیا۔ کئی بیمار افراد کو بحفاظت اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ برف میں پھنسے ہوئے گاڑیوں، جن میں ایمبولینسیں بھی شامل تھیں، کو سی آر پی ایف کی مدد سے نکال لیا گیا۔
شدید برف باری کے باعث ضلع بھر میں بجلی کا نظام متاثر ہوا تھا، تاہم انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔
کولگام میں شدید برف باری، معمولاتِ زندگی متاثر انتظامیہ، پولیس اور سی آر پی ایف کا ریسکیو آپریشن جاری