عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج نے ضلع ڈوڈہ کے کھنی ٹاپ کے بلند و بالا پہاڑی علاقے میں جمعرات کو پیش آنے والے سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 10 فوجی جوانوں کو جمعہ روز یہاں ایک تقریب کے دوران شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی قیادت وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے کی اور اس میں فوج ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف)، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، پولیس اور سی آئی وی کے افسران نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے بھی فوجی جوانوں کے باقیات پر بطور خراج پھول چڑھائے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، بھیم سین توتی اور انسپکٹر جنرل آف سی آر پی ایف، جموں، آر گوپال کرشنا راؤ نے بھی فوجیوں کے ترنگے میں لپٹے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘وائٹ نائٹ کے جی او سی نے ان بہادر جوانوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ڈوڈہ کے عام علاقے میں دشوار گذار خطوں اور انتہائی مشکل موسمی حالات میں آپریشنل ڈیوٹی پر آگے بڑھتے ہوئے ایک المناک سڑک حادثے میں عظیم قربانی پیش کی’۔
پوسٹ میں کہا گیا: ‘ڈیوٹی کے تئیں ان کی غیر متزلزل لگن، کٹھن علاقوں میں استقامت اور قوم کے لیے بے لوث خدمات ہندوستانی فوج کی اعلیٰ روایات کا مظہر ہیں۔ ان کی عظیم قربانی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی’۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘وائٹ نائٹ مصیبت کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے’۔
بتادیں کہ ضلع ڈوڈہ کے خانی ٹاپ کے بلند و بالا پہاڑی علاقے میں جمعرات کے روز ایک ہولناک سڑک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا جب فوج کی ایک بُلٹ پروف گاڑی پھسل کر تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 10 بہادر فوجی اہلکارجاں بحق جبکہ 11 شدید زخمی ہو گئے۔
ڈوڈہ سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کو فوج کا شاندار خراج عقیدت