عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں کو ریاست کا درجہ دلانے اور پیر پنچال ، خطہ چناب کو صوبوں کا درجہ دینے کی تجویز کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنے والے جو خواب دیکھ رہے ہیں انہیں پہلے جموں میونسپل کارپوریشن کا مئیر بننا چاہیے ۔ پی ڈی پی ، بھارتیہ جنتا پارٹی کی پرانی دوست ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے دو روزہ اجلاس کےاختتام پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں کو علیحدہ ریاست کا درجہ دلانے اور کشمیر سے علیحدہ کرنے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی ممبران اسمبلی کے بیانات کو بچکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ جموں وکشمیر کا بھلا نہیں چاہتے ہیں ۔ٹونیشن تھیوری جموں وکشمیر کے لوگوں کیلئے ناقابل قبول ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں میں انہیں یہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ پہلے میونسپل کارپوریشن جموں کے میئر بنیں اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہونے کے خواب سجائیں ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیر پنچال اور خطہ چناب کو صوبوں کا درجہ دینے والی پی ڈی پی بھارتیہ جنتا پارٹی کی پرانی یار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی سیاسی پارٹیاں اور ان کے لیڈران جموں وکشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے متمنی نہیں ہیں اور ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے انتشار میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور ان کے یہ بیانات عوام کو بھی قابل قبول نہیں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے نیشنل کانفرنس کا جموں وکشمیر کے لوگوں خی واحد نمائندہ تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کو متحد رکھنے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے نیشنل کانفرنس سے بہتر اور کوئی نہیں ہے ۔
انہوںنے پارٹی کارکنوں ، ضلع صدور اور سیکریٹریوں کو یقین دلایا کہ لوگوں کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں حرف بہ حرف پورا کیا جائے گا اور مرحلہ وار طریقے سے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2026-27مالی بجٹ کے دوران عوام کو بہتر سہولیات اور بجٹ کو عوام دوست بنانے ، زراعت ، تعلیم ،صحت ، سڑک ، روزگار کی طرف خصوصی توجہ دیکر جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔
جموں کو علیحدہ کرنے اور صوبائی درجہ دینے والے جموں وکشمیر کے لوگوں کا بھلا نہیں چاہتے: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ