عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شیو کمار شرما نے جمعرات کو کہا کہ دھند کا موسم سیکورٹی محاذ پر ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے یہ بات سرحدی اضلاع سانبہ اور کٹھوعہ میں تعینات سیکورٹی اہلکاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ بدھ کے روز مشتبہ افراد کی موجودگی سے متعلق اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد فوری طور پر کارروائی شروع کی گئی۔ متعدد ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور وہ علاقے میں تلاشی لے رہی ہیں۔ آپریشن تاحال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات مقامی ذرائع سے موصول ہوئیں اور انٹیلی جنس نیٹ ورک پوری طرح متحرک ہے۔ کٹھوعہ میں انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا اطلاعات انتہائی قابلِ اعتماد ہیں اور ہم ان پر عمل کر رہے ہیں، اس لیے اس مرحلے پر مزید تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔
ڈی آئی جی شیو کمار شرما نے کہا کہ تمام پولیس اہلکار اور دیگرٹیمیں اپنی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں کوئی مشتبہ سرگرمی نظر آئے تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔ انھوں نے کہا ہماری ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور پورے علاقے میں تعینات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، زمینی انٹیلی جنس یونٹس اور تمام پولیس پوسٹوں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور یومِ جمہوریہ سے قبل مسلسل، علاقہ وار تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی آئی جی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، یہ دھند کا موسم ہے اور دھند ہمارے لیے بڑا چیلنج بنتی ہے۔ دھند میں تلاشی کارروائیاں کرنا مشکل ہو جاتا ہے، چاہے وہ ڈرونز ہوں یا زمینی فورسز۔
انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشنز جاری ہیں اور کسی بھی پیش رفت سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا ہمارے پاس محبِ وطن شہری ہیں جو مشتبہ سرگرمی دیکھتے ہی پولیس کو اطلاع دیتے ہیں۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے باقاعدہ میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ لوگوں کو بار بار مشورہ دیا جا رہا ہے کہ اگر وہ قدموں کے نشان، مشتبہ سرگرمی، مشتبہ افراد یا کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت کو دیکھیں تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایس او جی ٹیمیں، زمینی انٹیلی جنس یونٹس اور تمام پولیس پوسٹوں اور آؤٹ پوسٹوں کے اہلکار تعینات ہیں اور علاقے میں مسلسل تلاشی آپریشن جاری ہے۔
دھند کا موسم سیکورٹی کے لیے بڑا چیلنج: ڈی آئی جی شیو کمار شرما