عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس سے قبل پلوامہ سے منتخب رکن اسمبلی وحید الرحمٰن پرہ نے ہفتہ کے روز عوامی مسائل کی ایک فہرست پیش کی جنہیں وہ اجلاس کے دوران اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ بجٹ اجلاس 2 فروری 2026 سے شروع ہوگا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ایم ایل اے پرہ نے بے روزگاری، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی ، اور ریزرویشن کے مسائل کو فوری قانون ساز توجہ کے متقاضی اہم امور قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اسمبلی اجلاس میں زمین بل کے معاملے کو بھی دوبارہ اٹھائے گی۔
انہوں نے کہایونین ٹیریٹری میں مالی بحران، باغبانی سے وابستہ لوگوں میں عدم تحفظ، اور پانی کی فراہمی، سڑکوں اور بجلی جیسے بنیادی عوامی مسائل بالخصوص اسمارٹ میٹروں کی تنصیب روکنے یا بجلی کے نرخوں میں کمی کے عوامی مطالبات اسمبلی میں بھرپور طریقے سے اٹھائے جائیں گے۔
ایم ایل اے پرہ نے کہا کہ پی ڈی پی ان مسائل کو پوری قوت کیساتھ ایوان میں پیش کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا،مکمل یقین کے ساتھ پی ڈی پی ان موضوعات کو اُٹھائے گی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرے گی۔علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے نے اپنی جماعت کے مستقل مؤقف کو دہرایا۔ انہوں نے کہاپی ڈی پی ہمیشہ امن کی حامی رہی ہے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی فائدے کو فروغ دینے والے ہر فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری 2026 سے طلب کیا ہے۔
یہ طلبی جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019کے تحت لیفٹیننٹ گورنر کو حاصل اختیارات کے استعمال کے تحت کی گئی ہے۔ اسمبلی کا اجلاس پیر 2فروری 2026کو صبح 10 بجے جموں میں منعقد ہوگا۔اجلاس کا آغاز لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب سے ہوگا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019کی دفعہ 21(1) کے تحت جاری نوٹس میں تمام اراکین اسمبلی کو جموں کے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں خطاب کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر بحث کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو مالیات کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، فروری کے پہلے ہفتے میں یونین ٹیریٹری کا دوسرا بجٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد ہو سکتا ہے۔ پہلا مرحلہ ماہِ رمضان کے آغاز سے قبل ختم ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد ایوان ممکنہ طور پر ایک ماہ کے وقفے پر چلا جائے گا۔ اجلاس عیدالفطر کے بعد دوبارہ شروع ہو کر باقی کارروائی مکمل کرے گا۔
آئندہ بجٹ اجلاس میں زور و شور سے عوامی مسائل اجاگر کریں گے :وحید الرحمٰن پرہ