عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس نے ہفتہ کے روز ٹورسٹ پولیس اسٹیشن سرینگر کے اشتراک سے شہر بھر میں ایک تصدیقی اور معائنہ مہم چلائی، جس کا مقصد ہوم اسٹیز، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی جانب سے قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنانا تھا۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس مہم کے دوران متعدد ادارے متعلقہ حکام سے درست اور لازمی رجسٹریشن کے بغیر کام کرتے ہوئے پائے گئے۔ ان میں ہوٹل ایثار، اے بی سی ریذیڈنسی، غنی اوراقصیٰ، جبکہ ہوم اسٹیز میں الحبیب، گولڈن مون اور ڈیوائن ہولیڈےشامل ہیں۔
بیان کے مطابق، بغیر لازمی رجسٹریشن کے کام کرنے پر خلاف ورزی کے مرتکب اداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ، ایسے تمام غیر رجسٹرڈ اداروں کے مالکان کے خلاف بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (BNSS) کی دفعات 126/170 کے تحت حفاظتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سرینگر پولیس نے تمام ہوم اسٹے، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان و منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کی سختی سے پابندی کریں اور بروقت متعلقہ حکام کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور ضلع میں محفوظ، قانونی اور ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اس نوعیت کی تصدیقی اور نفاذی مہمات آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
سرینگر میں غیر رجسٹرڈ ہوم اسٹیز، گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں کے خلاف پولیس کی کارروائی