عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر پولیس نے جمعہ کے روز راج باغ علاقے میں بزرگ کشمیری پنڈت جوڑےاشوک توشخنائی اور ان کی اہلیہ کُسم پر حملے کے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ایک پریس بیان میں پولیس ترجمان نے کہا کہ راج باغ، سری نگر میں ایک بزرگ کشمیری پنڈت جوڑے پر حملے کے واقعے کا پولیس نے نوٹس لیا ہے۔بیان کے مطابق، ملزم کی شناخت ویویک بترا (سابق آئی آر ایس افسر، برطرف شدہ) کے طور پر کی گئی ہے، جس نے اپنے چھ ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر اشوک توشخنائی اور ان کی اہلیہ کُسم کی رہائش گاہ میں زبردستی داخل ہو کر اہلِ خانہ پر حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان دو گاڑیوں میں آئے تھے اور انہوں نے گھر کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں متعدد خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ویویک بترا ایک برطرف شدہ سابق آئی آر ایس افسر ہے، جو اس سے قبل بھی مختلف تنازعات میں ملوث رہا ہے۔ اس کے خلاف دھوکہ دہی، بدعنوانی اور غیر متناسب اثاثوں کے مقدمات یونین ٹیریٹری سے باہر مختلف مقامات پر درج ہیں۔ پولیس کے مطابق اسے سنگین بدعنوانی اور بدسلوکی کے الزامات کے تحت سرکاری ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔
راج باغ میں بزرگ کشمیری پنڈت جوڑے پر حملہ، ملزم گرفتار: پولیس