عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جمعرات کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران، سول انتظامیہ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (CAPFs)، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔یہ اجلاس 2026 میں مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر پر پہلا اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس ہوگا۔ یہ میٹنگ جموں خطے کے پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ملی ٹینٹوںکے خلاف جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے شروع کی گئی جارہانہ کارروائیوں کے پس منظر میں ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق اجلاس میں دشوار گزار اور ناقابلِ رسائی علاقوں میں چھپے ملی ٹینٹوں کے خاتمے کے لیے مربوط حکمتِ عملی، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر دراندازی کو صفر تک لانے کے اقدامات سمیت دیگر سیکورٹی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ چیف سیکریٹری اتل ڈلو، ہوم سیکریٹری چندر شیکھر بھارتی، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلِن پربھات اور انٹیلی جنس چیف نتیش کمار سمیت دیگر اعلیٰ پولیس و سول افسران شریک ہوں گے۔ مرکزی ہوم سیکریٹری گووند موہن اور تمام CAPFs اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود رہیں گے۔
سینئر افسران وزیر داخلہ کو سیکورٹی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیں گے، جن میں سردیوں کے دوران ایل او سی اور آئی بی پر دراندازی کو روکنے کے اقدامات اور جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں چھپے ملی ٹینٹوں کے خاتمے کے لیے کی گئی کارروائیاں شامل ہیں۔گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ، ڈوڈہ، اُدھم پور اور خطے کے دیگر اضلاع کے بالائی علاقوں میں متعدد جھڑپوں میں ملی ٹینٹوں کا مقابلہ کیا ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران ایل او سی اور آئی بی پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ملی ٹینٹ پاکستان آرمی اور آئی ایس آئی کی مدد سے ایل او سی اور آئی بی کے اُس پار دراندازی کے مواقع کے انتظار میں ہیں۔
وزیر داخلہ امیت شاہ کل جموں و کشمیر سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے