یو این آئی
سڈنی/کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوڈ گرین برگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے خراب روشنی سے متعلق قوانین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان میں فوری تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کیے جانے پر ٹوڈ گرین برگ نے برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڈنی ٹیسٹ کے پہلے دن زیادہ کھیل ہونا چاہیے تھا،ہم تفریح کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور میں دنیا کے کسی ایسے کاروبار کے بارے میں نہیں سوچ سکتا جو اپنے شائقین کے سامنے بار بار میدان چھوڑ کر چلا جائے اور انہیں مایوس کرے ۔ٹوڈ گرین برگ نے واضح کیا کہ اگرچہ کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ، لیکن موجودہ دور میں اس کا حل ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس میدانوں میں بلند و بالا لائٹ ٹاورز موجود ہیں۔جدید ٹیکنالوجی کی دستیابی کے باوجود کھیل روکنا سمجھ سے باہر ہے ۔ہمیں کوئی ایسا راستہ نکالنا ہوگا کہ خراب روشنی کے باوجود کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر نہ آنا پڑے ۔کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نے اعلان کیا کہ وہ آسٹریلوی کرکٹ کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے آئی سی سی کے قوانین میں مثبت اور ترقی پسند تبدیلی لانے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔