عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/گاندر بل پولیس نے سائبر سکیورٹی اور امن عامہ کو مضبوط بنانے کی غرض سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر وی پی این استعمال کرنے والے 11 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ گاندر بل کے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن گاندر بل اورکنگن کے علاقوں میں توثیقی کارروائی کے دوران متعدد افراد کو وی پی این سروسز غیر قانونی طور پر استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔ اس کے بعد بی این ایس ایس کی دفعات 126 اور 170 کے تحت استغاثہ متعلقہ مجسٹریٹس کے سامنے پیش کیا گیا اور تمام 11 افراد کو سیکشن 126 کے تحت نیک چلنی کی ضمانت پر پابند کیا گیا۔
گاندر بل پولیس کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے قانونی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضلع میں امن اور سائبر سکیورٹی کا محفوظ ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
گاندر بل میں غیر مجاز وی پی این استعمال کرنے والے 11 افراد کے خلاف کارروائی