عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/ضلع اننت ناگ کی انتظامیہ نے سیکورٹی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے پیش نظر مرگن ٹاپ اور سنتھن ٹاپ کے علاقوں میں ٹریکنگ، کیمپنگ، ہائیکنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ایک حکم نامے کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ کوکرناگ نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق سب ڈویژن کوکرناگ کے دائرہ اختیار میں آنے والے بعض بلند پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں سیکورٹی کمزوریاں پائی گئی ہیں۔
انہوں نے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے رات گئے پولیس چیک پوسٹوں کو عبور کرنے کی کوشش کی، جس سے سنگین حفاظتی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان حساس علاقوں میں غیر محدود نقل و حرکت اور بیرونی سرگرمیاں عوامی تحفظ اور سیکورٹی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہ حکم دو ماہ تک نافذ العمل رہے گا، جب تک اسے واپس نہ لیا جائے یا اس میں توسیع نہ کی جائے۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر لارنوکو حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد اور تمام چیک پوسٹوں پر نقل و حرکت کو منظم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ عام عوام کو سختی سے حکم کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔