عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس (این سی) کی قیادت اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ چودھری رمضان نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی متحد ہے اور اپنے سیاسی مقاصد پر پوری طرح توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔پارٹی کا ایڈیشنل جنرل سیکریٹری مقرر کرنے پر چودھری رمضان نے این سی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر منعقدہ ایک اعزازی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، چودھری رمضان نےبتایا کہ پارٹی کے اندر اختلاف صرف طریقۂ کار کا ہے، نیت کا نہیں۔ انہوں نے کہا، پارٹی میں کوئی اَن بن نہیں ہے۔ صرف اپروچ میں فرق ہے۔ آغا روح اللہ نوجوان ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملات جلدی انجام پائیں، لیکن ایسے معاملات میں وقت لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی اجلاس کے دوران ان کی آغا روح اللہ سے ملاقات ہوئی اور وہ پارٹی اور قیادت کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ پائے گئے۔ رمضان نے کہا میں نے انہیں پارٹی یا قیادت کے خلاف نہیں پایا۔ ان کا نقطۂ نظر مختلف ہو سکتا ہے، لیکن ان کے مقاصد نیشنل کانفرنس کے مقاصد ہی ہیں۔این سی رہنما نے بتایا کہ پارٹی کے مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت پہلے ہی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو پیش کی جا چکی ہے۔وزیر داخلہ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمارے تمام مطالبات جلد پورے کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ بھی امیت شاہ سے ملاقات کریں گے تاکہ دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی جا سکے۔
مرکز کی جانب سے تاخیری حربے اختیار کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے چودھری رمضان نے کہا کہ وزیر داخلہ سے ملاقات کو ابھی صرف دس دن ہوئے ہیں۔ ایسے معاملات میں وقت لگتا ہے، انہوں نے واضح کیادانستہ تاخیر کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارتِ داخلہ کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس پورٹ بلیئر میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں وہ بطور رکن شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں اہم امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔پارٹی تنظیم کے حوالے سے چودھری رمضان نے کہا کہ این سی کارکنان جموں و کشمیر بھر میں متحرک ہیں، تاہم انہوں نے مزید رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا ہمیں اپنے کارکنان تک پہنچنا ہوگا، ان سے ملنا ہوگا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ میں دور دراز علاقوں کا بھی دورہ کر کے زمینی سطح پر کارکنان سے رابطہ قائم کروں گا۔چودھری رمضان نے نیشنل کانفرنس کو ہر سطح پر مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
این سی میں کوئی اختلاف نہیں، روح اللہ پارٹی یا قیادت کا مخالف نہیں ،نقطۂ نظر میں فرق ہے: چودھری رمضان