عظمیٰ ویب ڈیسک
سانبہ /مرکزی وزارتِ داخلہ نے جموں کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کی جانب سے جموں و کشمیر میں ایک جدید فرانزک انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔عہدیداروں کے مطابق یہ تجویز شواہد کے مؤثر اور مربوط اندراج، سزا کی شرح میں اضافہ، اور صحت کے شعبے میں بہتر تفتیش و تشخیص کے لیے پیش کی گئی تھی۔ایمزجموں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او پروفیسر شکتی کمار گپتا نے بتایا،جموں و کشمیر میں ایک فرانزک انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ ایمزنے اس حوالے سے وزارتِ داخلہ کو تجویز بھیجی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں سی بی آئی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا ملک میں فرانزک انسٹی ٹیوٹس کی تعداد بہت کم ہے۔ یہ نیا انسٹی ٹیوٹ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں قائم ہوگا۔پروفیسر گپتا کے مطابق مستقبل میں ایمز اس ادارے کے ساتھ مل کر کام کرے گا، جس سے طبی شعبے میں ابتدائی تفتیش اور تشخیص میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر گزشتہ 35 برسوں سے ملی ٹینسی کا سامنا کر رہا ہے۔ اس وقت ریاست میں دو فرانزک سائنس لیبارٹریاں موجود ہیں، ایک جموں اور دوسری سرینگر میں، جبکہ ان کا صدر دفتر جموں میں واقع ہے۔ یہ ادارہ 1964 میں محکمہ داخلہ کے تحت قائم کیا گیا تھا۔
عہدیداروں کے مطابق جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت، بین الاقوامی سرحد اور تین ریاستی سرحدوں سے قربت کے باعث، اسے ملی ٹینسی ، منشیات سے جڑے جرائم اور اسلحہ سے متعلق جرائم کے حوالے سے حساس علاقہ بناتی ہے۔ایمزکے شعبہ فرانزک میڈیسن اینڈ ٹاکسی کالوجی کے پروفیسر اور سربراہ ڈاکٹر دنیش راؤ نے کہا،مختلف ریاستوں اور ممالک سے مجرموں کی شمولیت کے امکانات ہمیشہ رہتے ہیں، جو پولیس اور دفاعی فورسز کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں یہ نہایت ضروری ہے کہ جموں و کشمیر میں ایک جدید فرانزک انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائے، جہاں تمام سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں۔
ڈاکٹر راؤ کے مطابق یہ ادارہ تفتیشی ایجنسیوں کے لیے ایک مرکزی مددگار ثابت ہوگا، جہاں شواہد کو محفوظ کرنے، جانچنے اور مختلف سائنسی لیبارٹریوں کے ذریعے تجزیہ کرنے کی سہولت موجود ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی حمایت سے ایمز اس خطے میں ایک جدید ترین فرانزک انسٹی ٹیوٹ قائم کر سکتا ہے، جو ملی ٹینسی اور دیگر جرائم کے خلاف پولیس اور دفاعی فورسز کی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
جموں و کشمیر میں جدید فرانزک انسٹی ٹیوٹ کا قیام ،مرکزی وزارتِ داخلہ کی منظوری