عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام/سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کولگام عنایت چودھری نے پیر کے روز نیویوگ ٹنل کے حوالے سے ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں موجودہ سیکورٹی، حفاظتی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انہیں مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔میٹنگ میں 163 بٹالین سی آر پی ایف کے کمانڈنگ آفیسر، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس این ایچ ڈبلیو قاضی گنڈ، ایس ڈی پی او قاضی گنڈ، ایس ڈی پی او بانہال، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے نمائندگان، قاضی گنڈ ایکسپریس وے پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندگان اور تمام متعلقہ دائرہ اختیار کے افسران نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق میٹنگ کے دوران ٹنل کے اندر اور اطراف میں پیش آنے والے حالیہ سڑک حادثات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ حد سے زیادہ رفتار انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، لہٰذا مسافروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ حادثات سے بچنے اور قیمتی جانیں محفوظ رکھنے کے لیے ٹنل کے اندر مقررہ رفتار کی حد 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی سختی سے پابندی کریں۔
ایس ایس پی کولگام نے بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، چوبیس گھنٹے نگرانی، سخت رسائی کنٹرول اور مؤثر ہنگامی ردعمل کے نظام کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر خصوصی زور دیا گیا تاکہ نیویوگ ٹنل کی سیکورٹی، حفاظت اور بلا رکاوٹ کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی سلامتی کے مفاد میں چوکس رہیں اور باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
ایس ایس پی کولگام کی نیویوگ ٹنل سے متعلق مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ، حفاظتی و ٹریفک انتظامات مزید مضبوط بنانے پر زور