عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر میں معذوربچوں کے لیے ایک جدید ترین (اسٹیٹ آف دی آرٹ) اسکول قائم کیا جا رہا ہے، جو پورے کشمیر صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سری نگر اکشے لبرو نے کہا کہ’’ابھنندن اسکول‘‘بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ کشمیر بھر کے خصوصی بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع میں متعدد اہم منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں’پلاش‘‘اور ’پریشا‘خصوصی اسکول بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اپ گریڈیشن کے ذریعے تعلیم، کھیلوں اور صحت کیمپوں سے متعلق ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اَبھنندن اسکول کو انہوں نے سری نگر کے لیے ایک بڑا اور خصوصی منصوبہ قرار دیا۔اکشے لبرو نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے جیسے آر اینڈ بی، بجلی، پانی، ریونیو، پولیس، پلاننگ اور سوشل ویلفیئر محکمے آپس میں تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی حتمی مدت 2027 مقرر ہے، تاہم معیار پر مکمل توجہ کے ساتھ اسے وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سال 2026 کی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سری نگر میں تمام منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن منصوبوں کے لیے فنڈز منظور ہو چکے ہیں انہیں درمیان میں نہیں روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے آخری حد تک رابطہ کاری، بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی تکمیل، ٹریفک نظام میں بہتری اور زمین کے بہتر استعمال پر زور دیا، تاکہ تجاوزات کو روکا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے سری نگر شہر میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اپنے برقی آلات کا آڈٹ کروائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ برقی لوڈ استعمال کے مطابق ہو۔انہوں نے برقی آلات کے لاپرواہ استعمال سے خبردار کیا اور کہا کہ گھروں کے قریب خشک گھاس رکھنا آگ لگنے کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ فائر اور ایمرجنسی ٹیمیں بروقت کارروائی کر سکیں۔
سری نگر میں معذوربچوں کے لیے جدید ترین اسکول قائم ہوگا: ڈپٹی کمشنر سری نگر