عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے بھاری مقدار میں چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن چاڈورہ کی ایک پارٹی نے معمول کی گشت کے دوران گنجی باغ گائوں میں ایک مشتبہ شخص کو دیکھا جس نے ایک نائلون بیگ اٹھا رکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھ کر اس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران نائلون بیگ سے تقریباً 7 کلو 910 گرام نیم پیسا ہوا چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔ملزم کی شناخت مہربان احمد بٹ ولد عبدالقیوم بٹ ساکن گوپال پورہ کے طور پر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 208/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
بڈگام کے چاڈورہ میں منشیات فروش گرفتار، چرس جیسا مواد بر آمد: پولیس