عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/بارہمولہ پولیس نے گلمرگ میں برف سے ڈھکی سڑکوں پر خطرناک ڈرائیونگ اسٹنٹس کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ عمل پیدل چلنے والوں اور دیگران کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن گلمرگ میں ایف آئی آر نمبر 19/2025 زیردفعات 281 اور 125 اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 184 کے تحت درج کی گئی ہے۔ ملزمان کی شناخت عمران الرحمان میاں ساکن مولوی اسٹاپ، لال بازار سرینگر اور محمد منظرین کلو ساکن علمدار کالونی، لال بازار سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کو برف اور پھسلن والی سڑکوں پر لاپرواہ اور خطرناک ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑا گیا، جس سے سیاحتی مقام گلمرگ میں جان لیوا صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیاں زیر رجسٹریشن نمبر JK01BB-3417 اور JK01AP-5151 موقع پر ہی ضبط کر لی گئیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ پولیس نے ملزمان کی کونسلنگ بھی کی اور انہیں آئندہ ایسی حرکتیں نہ دہرانے کی سخت وارننگ دی گئی۔ پولیس نے انہیں خاص طور پر برف باری اور خطرناک موسمی حالات کے دوران ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دی۔بارہمولہ پولیس نے عوام بالخصوص نوجوان ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی سڑکوں پر سنسنی خیز حرکات سے باز رہیں اور گلمرگ میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
گلمرگ میں برف پر خطرناک اسٹنٹس: بارہمولہ پولیس نے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا