عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی دارالحکومت دہلی کے باشندے ایک بار پھر شدید آلودہ فضا کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں ہفتہ کے روز ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) بڑھ کر 350 تک پہنچ گیا، جس سے صحت سے متعلق سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔دہلی کے سب سے زیادہ آلودہ علاقوں میں شامل آنند وہار میں اے کیو آئی 410 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وویک وہار میں یہ 424 تک پہنچ گیا، جو نہایت خطرناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق بوانا (404)، جہانگیرپوری (417)، نریلا (413) اور روہنی (409) بھی 400 کی حد عبور کر چکے ہیں۔
سی پی سی بی کی صبح 7 بجے کی رپورٹ کے مطابق دہلی کا مجموعی اے کیو آئی 353 رہا، جس کے باعث قومی دارالحکومت کو ‘انتہائی خراب’ زمرے میں رکھا گیا ہے۔ہندستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے انتہائی کم حدِ نگاہ کی اطلاع دی ہے۔ صفدرجنگ میں حدِ بصارت صرف 400 میٹر اور پالم میں 800 میٹر ریکارڈ کی گئی، کیونکہ صبح کے وقت شہر کے مختلف حصوں میں گھنی دھند اور اسموگ چھایا رہا۔
ادھر، مرکز کی پینل کمیٹی نے بدھ کے روز گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے اسٹیج 4 کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جب فضائی معیار عارضی طور پر ‘انتہائی خراب’ سے بہتر ہو کر ‘خراب’ سطح پر آ گیا تھا۔آلودگی میں اس تازہ اضافے نے ایک بار پھر عوامی صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے، جو سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہیں۔
پابندیاں ہٹنے کےباوجود دہلی کا اے کیو آئی انتہائی خراب