عظمیٰ ویب ڈیسک
گول/منشیات کے خلاف مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے تسلسل میںپولیس نے آج گول علاقے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی رہائشی جائیداد کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ضبط کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے مالی نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔
ضبط کی گئی جائیداد محمد سلیم شان ولد عبدالرشید شان، ساکن زلس، تحصیل گول، ضلع رام بن کی ملکیت ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن گول میں زیرِ تفتیش مقدمے کے سلسلے میں مجاز اتھارٹی کی ہدایات پر این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت عمل میں لائی گئی۔ مذکورہ جائیداد کو منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ غیر قانونی آمدنی (جرم کی آمدن) قرار دیا گیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 13.64 لاکھ روپےبتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن گول میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منشیات فروشی سے متعلق پانچ مقدمات ایف آئی آر نمبر 50/2012 زیرِ دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ،ایف آئی آر نمبر 35/2018 زیرِ دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ،ایف آئی آر نمبر 74/2022 زیرِ دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ،ایف آئی آر نمبر 120/2023 زیرِ دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ اور ایف آئی آر نمبر 121/2023 زیرِ دفعہ 8/20/29 این ڈی پی ایس ایکٹدرج ہیں۔
یہ فیصلہ کن اقدام پولیس کی جانب سے اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی ہے، جس کے تحت منشیات اسمگلروں کو مالی طور پر کمزور بنانے کے لیے غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کارروائی سے واضح پیغام جاتا ہے کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث کسی بھی فرد کو جرم کی آمدنی سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس نے منشیات فروشوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے، نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ضلع پولیس کی منشیات کے خلاف ’’زیرو ٹالرینس پالیسی‘‘کے تحت آئندہ بھی ایسی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گول میں پولیس کی منشیات مخالف کارروائی، منشیات فروش کی جائیداد ضبط