عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں /ضلع کٹھوعہ میں حکام نے قومی سلامتی کے خدشات کے پیشِ نظر دو ماہ کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔یہ حکم ضلع مجسٹریٹ راجیش شرما کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد اور گروہ وی پی این سروسز کا غلط استعمال کرتے ہوئے سائبر پابندیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں اور ممنوعہ ایپلیکیشنز، ویب سائٹس اور ڈیجیٹل مواد تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔
یہ احتیاطی اقدام بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (BNSS)، 2023 کی دفعہ 163 کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق کٹھوعہ ضلع کی حدود میں کام کرنے والے تمام افراد، اداروں، سائبر کیفے اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں پر ہوگا، سوائے ان کے جنہیں حکومت کی جانب سے کسی مخصوص سرکاری حکم کے ذریعے اجازت حاصل ہو۔کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو حکم کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ حکم 24 دسمبر سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ادھر پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
کٹھوعہ میں وی پی این کے استعمال پر دو ماہ کیلئے پابندی عائد