عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی فیس فیکزیشن اینڈ ریگولیٹری کمیٹی (ایف ایف آر سی) نے واضح کیا ہے کہ یونین ٹیریٹری میں نجی اسکول طلبہ سے من مانی لیٹ فیس وصول کرنے کے مجاز نہیں ہیں اور اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ موجودہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔
ایف ایف آر سی کی چیئرپرسن جسٹس سنیل حالی کی جانب سے جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کئی نجی اسکول 2023 میں جاری کیے گئے سابقہ سرکلر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیٹ فیس وصول کر رہے ہیں۔ سرکلر کے مطابق فیس واجب الادا ہونے کی تاریخ سے تین ماہ کی مدت تک کسی بھی قسم کی لیٹ فیس وصول نہیں کی جا سکتی۔
کمیٹی نے مزید وضاحت کی کہ اگر طلبہ آئندہ مہینے کی 15 تاریخ تک ماہانہ فیس جمع نہیں کراتے تو بھی اسکول کسی قسم کی لیٹ فیس عائد نہیں کر سکتے۔ تاہم، اگر واجب الادا تاریخ سے تین ماہ گزر جانے کے بعد بھی فیس ادا نہ کی جائے تو اسکول فیس واجب ہونے کی تاریخ سے30 فی ماہ کے حساب سے لیٹ فیس وصول کر سکتے ہیں۔ایف ایف آر سی نے والدین کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے اسکول فیس بروقت جمع کرائیں۔
جموں کشمیر ایف ایف آر سی کی نجی اسکولوں کو من مانی لیٹ فیس وصول نہ کرنے کی سخت ہدایت