عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کے روز کرایہ داروں کی اطلاع اور تصدیق میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک آن لائن ویریفکیشن پورٹل ’’کرایہ دار‘‘لانچ کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ پورٹل کرایہ داروں کی رجسٹریشن اور تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ قوانین کی پاسداری کو مؤثر بنائے گا، حالانکہ اس سے قبل نادہندہ مکان مالکان کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا چکی ہیں۔
ایس ایس پی جموں، جوگیندر سنگھ نے ’’کرایہ دارپورٹل ‘‘کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے کرایہ داروں کی رپورٹنگ اور تصدیق میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے داخلی سلامتی مضبوط ہوگی اور شہریوں کو محفوظ و پرامن جموں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جموں و کشمیر میں بعض مواقع پر ملک دشمن عناصر کی جانب سے سماج دشمن سرگرمیوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ داخلی سلامتی کو یقینی بنانا اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے تاکہ امن و خوشحالی پورے مرکز کے زیر انتظام خطے میں فروغ پا سکے۔ایس ایس پی نے کہا کہ جموں چونکہ سرمائی دارالحکومت ہے، اس لیے سردیوں کے دوران یوٹی کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ان میں سے بڑی تعداد کرایہ کے مکانات میں رہائش اختیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ جموں اور ملحقہ علاقوں میں کئی بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جاری ہیں، جن کی وجہ سے مزدور، ٹھیکیدار اور تکنیکی عملہ بھی کرایہ کی رہائش گاہوں میں مقیم ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک دشمن عناصر اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر جعلی شناخت کے تحت کرایہ کے مکانات حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کرایہ داروں کی اطلاع اور تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ تاہم یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی مکان مالکان عمر رسیدہ ہوتے ہیں، شہر سے باہر ہوتے ہیں یا اپنی مصروفیات اور ملازمت کی مجبوریوں کے باعث تھانوں میں حاضر نہیں ہو پاتے۔ بعض افراد پولیس اسٹیشن جانے سے ہچکچاتے بھی ہیں، جس کی وجہ سے کرایہ داروں کی رپورٹنگ اور تصدیق کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان وجوہات کے باعث 12 نادہندہ مکان مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ پولیس نے 10 ہزار سے زائد کرایہ داروں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔
ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جموں پولیس نے ایک فعال قدم اٹھاتے ہوئے یہ آن لائن پورٹل تیار کیا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق یہ پورٹل آئی آئی ٹی جموں کے تین طلبہ اور ضلع کٹھوعہ کے ایک مقامی نوجوان کی مشترکہ کوششوں سے، ایس ڈی پی او سٹی ویسٹ جموں کی رہنمائی میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ پورٹل صارف دوست ہے، کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی قابلِ رسائی ہے، اور مکان مالکان اور پولیس کے درمیان مؤثر رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگا، جو عوام کے مفاد میں ہے۔
جموں کشمیر پولیس نے کرایہ داروں کی تصدیق اور سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے ‘کرایہ دار’ پورٹل لانچ کیا