اشفاق سعید
کرناہ //سیاسی و سماجی حلقوں میں اس وقت رنج و غم کی لہر دوڑ گئی جب معروف سیاسی و سماجی کارکن، سید غازی حسین شاہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ نیشنل کانفرنس کے سرگرم لیڈر اور چنی پورہ کے سابق سرپنچ بھی رہ چکے تھے۔مرحوم غازی شاہ صاحب ایک باوقار، ملنسار اور عوام دوست شخصیت کے حامل تھے۔ انہوں نے اپنے دورِ سرپنچ پنچایت میں عوامی مسائل کے حل، دیہی ترقی اور سماجی خدمت کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
واضح رہے کہ مرحوم سید غازی شاہ صاحب محکمہ جنگلات میں رینج آفیسر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ وہ بنیادی طور پر کنڈی جامع مسجد کے قرب و جوار میں مقیم رہے، بعد ازاں چنی پورہ منتقل ہو گئے۔ سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ عملی سیاست میں بھی سرگرم رہے اور نیشنل کانفرنس کے ساتھ وابستہ ہو کر خدمات انجام دیتے رہے۔ مرحوم کی دینی، سماجی اور سیاسی خدمات کو مختلف حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
غازی شاہ کی وفات پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں، کارکنان اور مقامی عوام نے مرحوم کے انتقال کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سید غازی حسین شاہ انتقال کر گئے