عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حالیہ راجیہ سبھا انتخابات اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے قائد حزب اختلاف سنیل کمار شرما کو آئندہ سال ہونے والے آسام اسمبلی انتخابات کے انتظام میں کلیدی ذمہ داری سونپی ہے۔بی جے پی نے سنیل کمار شرما کو آسام کے لیے انتخابی امور کا شریک انچارج مقرر کیا ہے، جہاں اگلے سال انتخابات ہونے ہیں۔
شرما کی تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ جموں و کشمیر راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی نے سب کو حیران کرتے ہوئے توقع سے آٹھ ووٹ زیادہ حاصل کیے۔ بی جے پی کو مجموعی طور پر 32 ووٹ ملے، جو متوقع 28 ووٹوں سے چار زیادہ تھے، جبکہ نیشنل کانفرنس کے حق میں متوقع چار ووٹ یا تو منسوخ ہو گئے یا این سی کی قیادت والے اتحاد کی توقعات کے برخلاف کسی اور امیدوار کو پڑ گئے۔
انتظامی صلاحیتوں اور حکمتِ عملی کے ماہر مانے جانے والے شرما کے بارے میں یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے حالیہ ضمنی انتخابات میں دو میں سے ایک نشست پر حکمراں اتحاد کی شکست یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔شرما نے چناب خطے میں بی جے پی کی کامیابیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، جہاں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے آٹھ میں سے چار نشستیں جیتی تھیں۔
آسام انتخابات :بھاجپا نے سنیل شرما کواہم ذمہ داری سونپی