عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں منگل کے روز فوج کی جانب سے منعقدہ میراتھن میں سینکڑوں نوجوانوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، جس سے نہ صرف کھیلوں کے فروغ کو تقویت ملی بلکہ سرحدی علاقوں میں سول و ملٹری ہم آہنگی کا واضح مظاہرہ بھی سامنے آیا۔بھمبر گلی بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر راہل کمار نے میراتھن کو ہر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور نوجوانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس کو طرزِ زندگی بنانے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج میں اپنے مستقبل پر بھی غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں میں عزم و حوصلہ پیدا کرتی ہیں بلکہ سرحدی خطوں میں امن اور بھائی چارے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق یہ میراتھن مینڈھر فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کا حصہ ہے، جس کا آغاز 23 نومبر کو ہوا تھا اور یہ 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ چیلنجنگ زمینی حالات اور حساس لوکیشن کے باوجود اس دوڑ میں علاقے بھر سے 1500 سے زائد نوجوان رنرز نے حصہ لیا، جسے ایک غیر معمولی شرکت قرار دیا جا رہا ہے۔فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ میراتھن محض فٹنس ایونٹ نہیں بلکہ سول اور فوج کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کا موثر ذریعہ بھی ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق کھیل انسانی سطح پر وہ پل ہے جو فوج اور عوام کے درمیان ہم آہنگی، اعتماد اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے۔مینڈھر، بھمبر گلی اور ملحقہ گاؤں کے نوجوانوں کے لیے اس تقریب نے نہ صرف صحت اور کھیلوں کے میدان میں اظہار کا موقع فراہم کیا بلکہ انہیں بڑے پلیٹ فارم پر حصہ لینے اور اعتماد کو مضبوط کرنے کا نادر موقع بھی ملا۔
کنٹرول لائن کے نزدیک فوج کے زیر اہتمام میراتھن، 1500 سے زائد نوجوانوں کی شرکت