عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سرینگر پولیس نے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل دکانوں کا معائنہ کیا، جس کا بنیادی مقصد ادویات کی دستیابی اور فروخت کے عمل کو شفاف بنانا، حساس اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور میڈیکل اسٹورز کے ممکنہ غلط استعمال کو پیشگی طور پر روکنا تھا۔ شہر میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور حساس اداروں کی نگرانی کے تناظر میں کی گئی اس کارروائی نے پولیس کی جانب سے صحت بخش ماحول اور محفوظ شہر کی حکمتِ عملی کو مزید نمایاں کر دیا۔کارروائی کے دوران پولیس ٹیموں نے متعدد میڈیکل شاپس میں ادویات کے اسٹاک، میڈیکل آلات، رجسٹر، سیلز ریکارڈ، کیش بُکس اور لائسنسنگ اسناد کی مکمل جانچ پڑتال کی۔ پولیس اہلکاروں نے دکانداروں کو تلقین کی کہ وہ اپنے ریکارڈ شفاف رکھیں اور ہر فروخت شدہ دوا کے متعلق لازمی اندراجات کو مکمل کریں، تاکہ کسی بھی غیر قانونی رجحان کی نشاندہی بروقت ممکن ہو سکے۔
پولیس کے مطابق یہ جانچ اس لیے ضروری قرار دی گئی ہے تاکہ میڈیکل شاپس کو ممنوعہ یا غیر قانونی ادویات، خطرناک کیمیکل یا مشکوک سامان کی ذخیرہ اندوزی کیلئے استعمال نہ کیا جا سکے۔ پولیس نے دکان مالکان کو شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق آگاہ بھی کیا اور انہیں تاکید کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، غیر معمولی خریداری یا غیر واضح لین دین پر فوراً پولیس کو مطلع کریں۔سرینگر پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی صحت اور سلامتی سے منسلک اداروں میں نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور اس نوعیت کی چیکنگ مستقبل میں بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گی، تاکہ شہر میں قانون کی عملداری اور سیکیورٹی کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔ پولیس نے یہ بھی اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ اور داخلی سلامتی کیلئے تمام وسائل اور اختیارات کا موثر استعمال جاری رکھا جائے گا۔
سری نگر میں میڈیکل دکانوں کی جامع چیکنگ، ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا