عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/این آئی اے عدالت پلوامہ کی جانب سے جاری ایک باضابطہ سرچ وارنٹ کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے ہفتے کو لیتر علاقے میں ایک دکان پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی، جس دوران کئی ایسی اشیاء ضبط کی گئیں جنہیں کیس سے متعلق حساس اور قابلِ اعتراض قرار دیا جا رہا ہے۔ کارروائی مکمل قانونی طریقۂ کار کے مطابق، مجسٹریٹ اور آزاد گواہان کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایف آئی آر نمبر 24/2024 کے تحت کی گئی، جو یو اے پی اے کی دفعات 10 اور 13 سے متعلق ہے۔ چھاپے کے دوران محمد عامر راتھر نامی شخص کی دکان سے جے کے ڈی ایف پی کے پوسٹرز اور ممنوعہ لٹریچر برآمد ہوا، جسے قانونی تحویل میں لے کر تفصیلی جانچ کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ضبط شدہ مواد کے محرکات، روابط اور ممکنہ نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس نے کہا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور امن و قانون کو برقرار رکھنے کے لیے سخت ترین اقدامات جاری رہیں گے۔
پلوامہ میں عدالت کے حکم پر پولیس کی چھاپہ ماری، حساس مواد برآمد