عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سوپور اور بارہمولہ سے تعلق والے متعدد سیاسی اور سماجی لیڈران اور سینئر کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے آج اپنی پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔ یہ سبھی لیڈران اور کارکنانان پہلے پی ڈی پی،اور این سی جیسی سیاسی جماعتوں سے وابستہ تھے۔پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے دیگر سینئر رہنمائوں نے نئے اراکین کا پُرتپاک استقبال کیا۔ پارٹی قیادت نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے متعلقہ علاقوں میں پارٹی کے کیڈر کو مزید تقویت ملے گی۔
اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ٹاؤن صدر پی ڈی پی زبیر احمد ڈار، نائب ٹاؤن صدر پی ڈی پی شوکت احمد ڈار، سابق سینئر ورکر این سی ظہور احمد میر، سینئر ورکر این سی نثار احمد پنڈت، سابق انجینئر جے کے پی سی سی لیاقت کابو، سابق این سی کارکن غلام حسن ڈار، اور سابق این سی کارکن محمد اکبر اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔ ان سبھی اشخاص کا تعلق سوپور سے ہے۔ بارہمولہ سے پارٹی جوائن کرنے والے کارکنان میں سرکردہ سماجی کارکن منصور بیگ، سماجی کارکن نثار آخون اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے نئے شامل ہونے والوں کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں یقین دلایا کہ اپنی پارٹی ان کے لیئے اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کے لیے ایک قابل اعتماد پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا، ’’اپنی پارٹی یہاں لوگوں کی خدمت کے لیے موجود ہے، اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ پلیٹ فارم آپ کو اپنے علاقوں میں عوام کے لیے کام کرنے کے وافر مواقع فراہم کرے گا۔ میں آپ کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں، اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی پارٹی میں شمولیت سے سوپور اور بارہمولہ جیسے مقامات پر ہمارے پارٹی کیڈر کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی کے ایجنڈے اور پالیسیوں کی وضاحت کی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے منتخب حکومت کی جانب سے موثر گورننس کی فراہمی میں ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سید محمد الطاف بخاری نے موجودہ ریزرویشن پالیسی کے بارے میں بھی بات کی اور اسے انتہائی غیر منصفانہ اور استحصال کا ایک ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آبادی کے تناسب کی بنیاد پر نئی پالیسی متعارف کرانے میں مزید تاخیر نہ کرے۔
اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ رہنما موجود تھے، اُن میں چیئرمین پارلیمانی امور کمیٹی (پی اے سی) محمد دلاور میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ریاستی یوتھ صدر و ترجمان یاور دلاور میر، ڈی ڈی سی چیئرمین و صوبائی سیکرٹری کشمیر ملک آفتاب، ضلع صدر بارہمولہ شبیر احمد شاہ، حلقہ انچارج سونہ واری امتیاز پرے، اور دیگر لیڈران شامل تھے۔
سوپور اور بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے سرکردہ سیاسی و سماجی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل |سید محمد الطاف بخاری اور دیگر قائدین نے پُرتپاک استقبال کیا؛ پارٹی صدر دفتر پر تقریب کا اہتمام