عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ میں دہشت گردی کے نیٹ ورک اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران، ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ راجیش کمار شان نے جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 کے تحت دو افراد کے خلاف وارنٹ جاری کئے ۔ حراست میں لیے گئے افراد میں ایک او جی ڈبلیو رستم علی باغوان ولد فتح محمد باغوان ساکن ہنجلا تحصیل و ضلع کشتواڑ شامل ہے، جبکہ دوسرا ایک بدنام زمانہ مجرم ارشاد حسین ولد عبد الواحد شیخ ساکن وارڈ نمبر 3 گوریاں تحصیل و ضلع کشتواڑ ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے اسپانسرنگ اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ ڈوزیئر کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ قدم اٹھایا۔ ڈوزیئر کے مطابق او جی ڈبلیو رستم علی باغوان ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوا کیونکہ وہ ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک اور دیگر امداد فراہم کرنے میں ملوث پایا گیا اور ضلع میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو دوبارہ زندہ اور فعال بنانے میں بھی سرگرم تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی متعدد کوششوں کے باوجود وہ اپنی ملک دشمن سرگرمیوں سے باز نہیں آیا، جس سے ریاست کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔
دوسری جانب ارشاد حسین کئی مجرمانہ مقدمات میں ملوث پایا گیا۔ اس کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج ہیں اور وہ ضلع میں حالیہ چوری اور ڈکیتی کے واقعات میں مرکزی ملزم رہا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے مشاہدے کے مطابق اس کے جرائم امن عامہ کے لیے خطرہ تھے، لہٰذا اسے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لینا عوامی سلامتی اور امن و امان کے مفاد میں مناسب سمجھا گیا۔
بات قابل ذکر ہے کہ جیسے ہی راجیش کمار شان نے ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کا چارج سنبھالا، انہوں نے جرائم پیشہ افراد اور عسکریت پسندوں کے ہمدردوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا۔ ان کی طرف سے ایک ہی وقت میں پانچ افراد کے خلاف PSA کے تحت حراست کے احکامات جاری کیے گئے، اور بعد ازاں ایک اور شخص کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اب تک ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کی جانب سے کل آٹھ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جو ملک دشمن عناصر اور مجرموں کے خلاف ان کے سخت مؤقف کا واضح ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار شان نے واضح الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی ملک دشمن یا شرپسند عنصر بخشا نہیں جائے گا، خواہ وہ قومی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والا ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے ایسے عناصر کو خبردار کیا کہ وہ اپنے شرانگیز افعال سے باز آجائیں، ورنہ ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ نے دو افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا
