عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ//چیف سکریٹری اتل ڈلو نے صنعتی اسٹیٹ کٹھوعہ بشمول گھاٹی اور بھگتھلی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران چیف سکریٹری نے دیویانی فوڈ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ، ایک آئس کریم مینوفیکچرنگ پلانٹ اور گھٹی میں ورون بیورجیز لمیٹڈسمیت مختلف صنعتی اکائیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صنعتوں کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور انہیں درپیش چیلنجوں کا جائزہ لینے کے علاوہ یونٹس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اتل ڈلو نے کندھاری گلوبل بیوریجز پرائیویٹ لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں عہدیداروں نے پلانٹ اور اس کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی جس کا مقصد جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔چیف سکریٹری نے زور دیا کہ حکومت صنعتوں کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جس میں مراعات، انفراسٹرکچر اور سنگل ونڈو کلیئرنس شامل ہیں۔اتل ڈلو نے صنعتی ترقی میں ماحولیاتی پائیداری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے صنعتوں کو ہدایت کی کہ وہ ماحولیاتی قوانین اور اصولوں پر عمل کریں اور اپنے کام میں ماحول دوست طرز عمل اپنائیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صنعتوں کو تمام ضروری مدد فراہم کرے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ماحولیاتی ضوابط کی تعمیل کریں۔بعد ازاں چیف سکریٹری نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں گھٹی، کٹھوعہ اور بھگتھلی انڈسٹریل اسٹیٹس کے صنعتکاروں کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں ان اسٹیٹس میں انفراسٹرکچر اور سہولیات کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کے علاوہ خطے میں صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جانے والے مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔