یو این آئی
ہوبارٹ//بنگلہ دیش نے تسکین احمد (25/4) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر12 مرحلے میں نیدرلینڈ کونو رنوں سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے عفیف حسین کے 38 رنوں کی بدولت 20 اوورز میں 145 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں نیدرلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کے گیند باز 144 رنز کے قابل احترام اسکور کا دفاع کرتے ہوئے پہلی گیند سے ہی نیدرلینڈز پر حاوی رہے۔ تسکین نے اننگ کی پہلی دو گیندوں پر وکرمجیت سنگھ اور باس ڈی لیڈ کو آؤٹ کیا جس سے نیدرلینڈز کی اننگ لڑکھڑاگئی۔ تسکین نے نیدرلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کولن ایکرمین (62) اور شارز احمد کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ایکرمین نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے لیکن انہیں کسی کا ساتھ نہیں ملا۔ ایکرمین کا وکٹ گرنے کے بعد، پال وین میکرن (24) نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن وہ صرف شکست کا فرق کم کرسکے۔
اس کے علاوہ حسن محمود نے دو جبکہ شکیب الحسن اور سومیا سرکار نے ایک ایک وکٹ لیا۔