سرنکوٹ//ضلع پونچھ کے واحد نجی اسپتال پیر پنچال ہاسپٹل اینڈ ڈائیگنوسٹکس کی جانب سے اتوار کو یہاں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ اور ضلع کے کم و بیش پانچ سو افراد نے شرکت کرکے اپنا علاج و معالجہ کروایا۔پیر پنچال اسپتال سرنکوٹ کے ایم ڈی ڈاکٹر امن دیپ سنگھ نے بتایا کہ اس کیمپ کے انعقاد سے متعلق کئی دنوں سے تشہیر کی جا رہی تھی اور اس میں توقع سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر امن دیپ سنگھ نے مزید بتایا کہ کیمپ میں شیر ِ کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر سے وابستہ کینسر کے ماہر ڈاکٹر گرپریت سنگھ،ای این ٹی سرجن ڈاکٹر راجامندر اور خواتین کے امراض کی ماہر ڈاکٹر شہناز بھٹی نے بطور معالج شرکت کی ۔ کیمپ میں علاقہ کے سرکردہ افراد نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر امن دیپ سنگھ نے بتایا کہ اس طرح کے طبی کیمپ منعقد کرنے کا مقصد دیہی علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات مفت فراہم کرنا اور انہیں مختلف امراض جن میں زیابیطس،کینسر وغیرہ شامل ہیں، کے متعلق آگاہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی پیر پنچال اسپتال اس طرح کے مفت طبی کیمپ منعقد کرتا رہے گا۔