کٹھوعہ // جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو پینے کا پانی، بجلی، تعلیم، سڑک رابطے اور دیگر سہولیات دستیاب کرانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ عملایا جارہا ہے۔ وزیر موصوف بسوہلی کے بیرا گاؤں میں کردوہ۔ بسوہلی موڑ سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔چیف کنزرویٹر فارسٹ فاروق گیلانی، ناظم ایس ایف آر آئی بی پی شرما، ایم ڈی، ایس ایف سی سُریش گپتا اور کئی دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کے کونے کونے میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کے لئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے۔چودھری لال سنگھ نے بسوہلی حلقے میں جاری دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر عوامی وفود اُن سے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔وزیر نے کئی مقامات پر مسائل کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ بسوہلی حلقے میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کے سیکٹر کو بڑھاوا دینے کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تا کہ بین ضلعی سڑک رابطوں کو مستحکم کیا جاسکے۔وزیرنے کہا کہ ریاستی اورمرکزی حکومت نے بسوہلی حلقہ انتخاب کے لوگوں کی سماجی و معاشی حالت زندگی بہتر بنانے کے لئے متعدد پروگرام اور سکیمیں شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو مقررہ اہداف کو معین مدت کے اندر مکمل کرنے اور مختص رقومات کو رواں مالی سال کے دوران استعمال میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کی مانگوں کے رد عمل میں وزیر نے ڈی ایف او کٹھوعہ کو بسوہلی مورہ کے نزدیک آرمی کنٹونمنٹ کے پاس سڑک کے کناروں پر پودے لگانے کے لئے کہا۔