جموں//ریاستی سرکار نے کہا ہے کہ پچھلے 2برسوں کے دوران 363جنگجواور71عام شہری مارے گئے۔ اس عرصہ کے دوران 176جنگجوؤں/مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیاگیا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی ست پال شرما کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،جن کے پاس محکمہ داخلہ کاچارج بھی ہے، نے کہا کہ سال2016اور2017کے دوران ریاست میں363جنگجو مارے گئے جن میں 246غیر ملکی اور 117مقامی جنگجوشامل ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرحد پر کراس فائرنگ، سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران فائرنگ کے بیچ 71عام شہری بھی مارے گئے۔ اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ سال 2016میں20شہری جاں بحق ہوئے اور150جنگجو مارے گئے جس میں31مقامی اور119غیر ملکی شامل ہیں۔ اسی سال 79جنگجو/مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیاگیا۔ سال2017کے دوران 51عام شہری اور213جنگجو مارے گئے جس میں 86مقامی اور 127غیر ملکی شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پچھلے دو برسوں کے دوران جنگجوؤں سے برآمد کئے گئے اسلحہ وگولی بارود کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 391اے کے رائفل، 182پستول، 11آر پی جی /آر ایل، 3سنیفر رائفل،39آئی ای ڈی اور 638گرنیڈ/ہتھ گولے شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران سنگ بازوں کے خلاف 3773ایف آئی ار درج کئے گئے جس میں سے 11290افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ۔