گوجربکروال کانفرنس نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سرحدی گولہ باری کے شکارگوجربکروال طبقہ کے لوگوں کوبھی دیگرمتاثرہ لوگوں کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال کانفرنس کے عہدیداران نے کہاکہ گذشتہ روز جیوڑہ فارم میں ڈیڑھ سوکے قریب گوجربکروال طبقہ کے لوگوں کے کلے خاکسترہوئے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے سرحدی گولہ باری سے متاثرہونے والے گوجربکروال کنبوں کوکوئی بھی سہولیات فراہم نہیں کرتی ہے جوکہ باعث افسوس ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوفوری طورپرخانہ بدوش گوجربکروالوں کوہوئے مال مویشی کے نقصانات کامعاوضہ واگذارکرنے کے ساتھ دیگرسہولیات فراہم کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے متاثرین کونظراندازکرناباعث تشویش ہے۔انہوں نے مانگ کی کہ متاثرہ گوجربکروالوں کوبھی علاج ومعالجہ ودیگرمالی امدادفراہم کی جائے۔اس موقعہ پرکٹھوعہ میں خانہ بدوش بچی آصفہ بانوکے قتل میں ملوث افرادکوکیفرکردارتک پہنچانے کےلئے بھی حکومت سے جوڈیشل تحقیقات کروانے کی مانگ کی گئی۔اس دوران پریس کانفرنس میں ڈاکٹرعبدالغفور، شاہ محمد ،اخترچوہدری، امیرالدین کسانہ ودیگران شامل تھے۔