جموں// زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے آج یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔وفود نے اپنے مطالبات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے اور ان کو حل کرنے میں وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔وزیر اعلیٰ نے وفود سے مختلف اضلاع میں عوامی رابطہ پروگراموں کے بعد ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔جموں کے ہوٹل مالکان کے وفد نے جموں بس سٹینڈ میں پارکنگ سہولیت قائم کرنے اور مہا راجا ہری سنگھ پارک کئے تعمیراتی کام ہاتھ میں لینے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سچیت گڑھ علاقے کو سیاحتی سرگرمیوں کے لئے کھولنے کے علاوہ باغ باہو سیاحتی پروجیکٹ اور مبارک منڈی ہیتی ٹیج پروجیکٹ میں تیزی لانے کا بھی معاملہ بھی اُجاگر کیا۔دُرگا نگر سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں کے وفد نے علاقے کے لئے بس سروس شروع کرنے، ہیلتھ سینٹر قائم کرنے اور بجلی کی تقسیم کاری نظام میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔فروٹ گروؤرس کے ایک وفد نے اخروٹ کو ٹیکس سے مبرا رکھنے اور مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔کٹھوعہ کے ایک وفد نے وہاں کی ایک کمسن لڑکی کے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے عمل میں تیزی لانے کی مانگ کی۔ انہوں نے پینے کے پانی کی سپلائی میں بہتری کا بھی مطالبہ کیا۔ سانبہ کے ایک وفد نے بجلی سپلائی کی بہتری کی مانگ کی۔گوجر نگر کے ایک وفد نے بنیادی سہولیات میں بہتری لا نے کا مطالبہ کیا۔ ڈوڈہ اور کشتواڑ کے وفود نے بھی اپنے مطالبات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔