جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ جموں کے معروف جنگجو میاں ددو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جموں کے لوگوں میں سیاسی بیداری پیداکرنے میں اہم رول ادا کیا ہے اور جموں کے لوگوں میں آپسی اتحاد کا جذبہ پیدا کیا۔ نائب وزیراعلیٰ جگتی نگروٹہ میں میاں ددو ویلفیئر کمیٹی کی طرف سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ میاں نے جموں کے لوگوں کیلئے اپنی زندگی قربان کی اور ہمیں نئی نسل کو ان کی تعلیمات اور ان کے جذبے کے بارے میں جانکاری دینے ہوگی ۔ڈاکٹرسنگھ نے کہا کہ میاں نے عام آدمی کی عزت ، وقار اور ان کی بہبودی کیلئے پوری زندگی صرف کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کے ممبران اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ میاں ددو کی جائے پیدائش پر ان کا مجسمہ تعمیر کیا جائے گاتاکہ ان کی بے لوث خدمت کیلئے ہمیشہ یاد کیا جائے ۔اس موقعہ پر ڈوگری تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔