جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے آئی آئی ٹی جموں کو فخر ڈوگرہ دیش کے بہادر سپوت میاں ڈیڈو کے نام سے منسوب کرنے اور روز گار کے 40فیصد مواقعے مقامی لوگوں کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔رانا جوکہ نگروٹہ کے ایم ایل اے بھی ہیں، نے میاں ڈیڈوجی کے جنم دن کے موقعہ پر اس سلسلے میں ایک قرار داد پیش کی ۔ صدر راجپوت سبھانارائین سنگھ اور اور صدر ٹیم جموںنے اس قرار داد کی بھر پور حمایت کی اور امید ظاہر کی کہ وزارت برائے ترقی ٔ انسانی وسائل اور ریاستی سرکار اس جانب فوری توجہ مرکوز کرے گی۔اودھے بیر سنگھ(ریٹائرڈ جج)، سمنت سنگھ،جگدیش سنگھ،دھنترسنگھ، ایڈوکیٹ پون دیو سنگھ اور کمیٹی کے دیگر عہدے داروں نے دیوندر سنگھ رانا کو یاد گاری تحفے پیش کئے۔رانا نے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں کہا کہ میاں ڈیڈو نے حق و انصاف کی بالادستی کے لئے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی اور ڈوگرہ تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔رانا نے اس موقعہ پر میاں ڈیڈو کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی اور کہاکہ اس بہادر نے اپنے وطن کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں اور ان پر ہم سب کو فخر ہے۔دیگر مقررین نے بھی میاں ڈیڈو کے کارہائے نمایاں کویاد کیا اور نوجوانوں سے کہا کہ اس بہادر سپوت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بے لوث خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں ۔