جموں//سپریم کورٹ کی جانب سے شیڈیولڈکاسٹس اورشیڈیولڈٹرائبس (پرنونشن آف ایٹروسٹیز)ایکٹ میں ترمیم کے فیصلے کے خلاف مختلف دلت تنظیموں کی جانب سے دی گئی بھارت بندکی کال کے تحت جموں کے مختلف مقامات پراحتجاجی مظاہرہ کیے۔ جموں کشمیرریزروڈ کیٹاگریز جوکہ مختلف تنظیموں کامشترکہ پلیٹ فارم ہے کے بینرتلے ایس سی /ایس ٹی طبقوں سے وابستہ لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی ۔بھیم سماج کے بینرتلے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو بالمیکی چوک گاندھی نگرسے شروع ہوکر باباامبیڈکرچوک جموں پہنچ کراختتام پذیرہوئی۔اس دوران بھیم سماج کے صدرآرکے کلسوترہ ودیگران نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے دلت مخالف مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کی گئی۔دریں اثنا ایک دیگرریلی میں خیالات کااظہارکرتے ہوئے دلت چیتنا منچ کے صدرشام باسن نے کہاکہ مرکزی حکومت (پرنونشن آف ایٹروسٹیز)ایکٹ جوکہ دلتوں اورپسماندہ طبقوں کے حقوق کی ضمانت دیتاہے کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف حربے اپناکر دلتوں کے حقوق چھینے جارہے ہیں جوکہ سماجی اورسیاسی ناانصافی ہے اوراسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔بودھراج بھگت ،صدرسوشیوریلیجس ونگ ،جموں کشمیرریزروڈ کیٹاگریز نے کہاکہ سرکاری وکیل اعلیٰ ذاتوں سے ہیں اس لیے وہ دلتوں کے حقوق کیلئے چنداں فکرنہیں کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں پریس کلب کے باہر امبیڈکرسینانامی تنظیم نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔دریں اثنا بہوجن سماج پارٹی اوردیگرسماجی تنظیموں نے بی جے پی پردلت مخالف پالیسیاں اپنانے کاالزام لگاتے ہوئے کنجوانی چوک جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیااوربی جے مخالف نعرے بازی کی۔بی ایس پی کے ریاستی صدر ایس آر مجوترہ نے کہاکہ مرکزی بی جے پی حکومت پسماندہ طبقوں کوحاصل آئینی حقوق پرشب خون ماررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت شیڈولڈکاسٹ اورشیڈولڈٹرائب طبقوں سے متعلق قوانین کاتحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے دلتوں کو 2019کے انتخابات میں بی جے پی کے ناپاک عزائم سے چوکنا رہنے کی اپیل کی اور شیڈول کاسٹ ایکٹ کو واپس لینے کی بھی سخت مذمت کی۔اس دوران مظاہرے میں چرنجیت بٹا، آرکے تھاپا،جگدیش ورما، ایچ ایل تھاپا، رتن بھگت، رویندرسنگھ پپو، سوم ناتھ سابق ایم ایل اے، جگدیش بھگت، پریتم چند، رگھوبیرسنگھ ،پشپ کمار،دلبیربھگت بھی موجودتھے۔