جموں/ /تعلیم ، تکنیکی تعلیم و سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ریاست کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی بنیادی ڈھانے کو ترقی دینے پر زور دیا ہے ۔انہوںنے تمام ارکان قانون سازیہ سے کہاکہ وہ اپنے اپنے حلقہ انتخابات میں تعلیمی منظرنامے میںبہتری لانے کے سلسلے میں اپنا ایک لائحہ عمل پیش کریں ۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات میں بہتری لانے کے سلسلے میں کئی میٹنگوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایل اے ڈوڈہ ، ایم ایل اے بھدرواہ ، ایم ایل اے رام بن، سیکرٹری محکمہ تعلیم ، سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے ، سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر آر ایم ایس اے ، ناظم تعلیمات جموں ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن و دیگر محکمہ تعلیم کے افسران اس موقعہ پر موجو د تھے۔میٹنگوں کے دوران سکولی بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے سلسلے میں تفصیلی بحث و مباحثہ منعقد ہوا اور سرکاری سکولوں میں طالب علموں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ نسوانی خواندگی شرح میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔سکولوںمیں تدریسی عملے کی دستیابی پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے ڈوڈہ ، رام بن اور اودھمپور کے چیف ایجوکیشن افسرو ں کوہدایت دی کہ وہ ناظم تعلیمات جموں کی ہدایات کے مطابق تدریسی عملے کی تعیناتی یقینی بنائیں اور متعلقہ رکن اسمبلی کے ساتھ اس سلسلے میں صلاح مشورہ کریں۔