جموں/ /محکمہ دیہی ترقیات دیہی علاقوں میں بے گھر لوگوں کو رہائش کی بہتر سہولیات بہم کرانے کے لئے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 12456 مکانات تعمیر کررہا ہے ۔یہ جانکاری دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان کو ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دی گئی جس میں انہوںنے پی ایم اے وائی ، ایم جی نریگا اور سوچھ بھارت ابھیان جیسی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری آر ڈی ڈی راکیش بڈھیال ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی جموں آر کے بٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ نے 38772مکانات تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جن میں 304 مکانات پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ محکمہ نے اس سکیم کے لئے 18964مستحقین کو درج کیا ہے اور جس میں سے 15707 کی جیو ٹیگنگ بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔وزیر نے کہا کہ حکومت اقتصادی طور پسماندہ لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے وعدہ بند ہے اور انہیں صاف ستھرے پکے مکان بنانے کے لئے مالی معاونت دی جائے گی۔سوچھ بھارت مشن کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے دوران وزیر نے یقین دلایا کہ ریاست جموں وکشمیر کو کھلے میں رفع حاجت کی بدعت سے اکتوبر 2018ء سے ہی پاک کیا جائے گا۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ ہدف حاصل کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ نے 4.17لاکھ انفرادی بیت الخلاء مارچ 2018 تک تعمیر کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں اس مدت کے دوران 110کمیونٹی سینٹری کمپلیکس بھی تعمیر کئے جاچکے ہیںجن پر اب تک 144.45کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔