جموں//خزانہ ، تعلیم ، محنت و روزگارکے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کلا کیندر میں چوتھے مفتی محمد سعید میموریل بین الاقوامی آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ چار روزہ نمائش کا اہتمام جموں اینڈکشمیر سینٹر فار کریٹیو آرٹ نے کیا ہے ۔ایم ایل سی ظفر اقبال منہاس ،معروف شاعر و مصنف ایم وائی ٹینگ اور فنکار ،دانشور ،تعلیمی ماہرین کی ایک بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں حصہ لیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے جے کے سی سی اے کی اس کوشش کو سراہا جس کے تحت سالانہ بنیادوں پر سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی یاد میں ایک اہم ایونٹ منعقد کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس مرکز نے مرحوم لیڈر کے تئیں اپنے خلوص اور محبت کا اظہار کیا ہے ۔ایک مہذب سماج میں آرٹ اور ہنرمندوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان کے فن پارے مستقبل کی نسلوں کے لئے بڑاہی قیمتی سرمایہ ہے جو ہمیشہ انسانیت کے کام آسکتے ہیں۔الطاف بخاری نے جے کے سی سی اے کو دعوت دی کہ وہ ایساہی ایونٹ سرینگر میں بھی منعقد کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم اس مقصد کیلئے ایس پی ہیرٹیج کالج میں اس ایونٹ کو منعقد کرنے کی جگہ فراہم کرے گا۔وزیر نے ریاست میں آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے کے سلسلے میں اس تنظیم کے حق میں دو لاکھ روپے کے مالی امداد کا اعلان کیا۔