سکھ انٹلیکچول سرکل کاکشمیرمیں شہری ہلاکتوں پراظہارتشویش
جموں//مختلف سکھ تنظیموں پرمشتمل سکھ انٹلیکچول سرکل نے کشمیرمیں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کشمیرمسئلہ کوملٹری کے ذریعے حل کرنے پرتشویش کااظہارکیا۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں سکھ تنظیموں کے لیڈران ایس جسپال سنگھ منگل، ایس نریندرسنگھ خالصہ، گوردیوسنگھ،ایس رنجیت سنگھ ، ایس منموہن سنگھ، ایس منجیت سنگھ ،بی ایچ رام سنگھ،امن دیپ سنگھ اورایس دویندرسنگھ، ایس سریندرسنگھ نے حال میں کشمیرمیں ہوئی عام شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا۔ سکھ تنظیموں نے کشمیرمیں گولی اورپیلٹ گنوں کے استعمال پرتشویش ظاہرکی اورکہاکہ کشمیرمسئلہ کی سیاسی نوعیت کوتسلیم نہ کرنااورطاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کی آوازدباناقابل افسوس ہے۔ سکھ لیڈران نے اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ کشمیرمسئلہ کے حل کیلئے بامعنی بات چیت کاعمل شروع کیاجائے۔ انہوں نے حریت اورجے آرایل قیادت پرباربارقدغنیں لگانے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکامسئلہ عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیاجاناچاہیئے۔
ملزم پرپی ایس عائد ،جیل منتقل
جموں//پولیس نے مختلف معاملات میں ملوث ایک پیشہ ورملزم پرپبلک سیفٹی ایکٹ عائدکرکے اسے کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کردیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم کی شناخت نریندرکمارعرف ٹیچی ساکن آرایس پورہ کے طورپرہوئی ہے جسے گرفتارکرنے کے بعدپولیس نے اسے کوٹ بھلوال جیل بھیج دیا۔ضلع مجسٹریٹ جموں نے پولیس کی سفارشات پراس پرپی ایس اے عائدکیااوریہ اس لیے کیاگیاکہ وہ مختلف قسم کے جرائم کے معاملات میں ملوث تھا۔
ڈینٹل کالج میں ویبی نارکااہتمام
جموں//انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز(آئی ڈی ایس )جموںنے کولگیٹ کے اشتراک سے ’’منیجنگ فائنانس فارسٹارٹ اپ ‘کے موضوع پر ویبی نارکاانعقادکیا۔اس دوران پرنسپل آئی ڈی ایس ڈاکٹر ہرویندرسنگھ بھی موجودتھے۔ اس دوران معروف ڈنٹسٹ ڈاکٹرسندیش میانکرنے نظامت کے فرائض انجام دیئے اورفیکلٹی ممبران وطلباء کودانتوں کی صحت سے متعلق اہم جانکاری فراہم کی۔اس دوران کولگیٹ پالمولیو نے اپنی ویب سائٹ بھی متعارف کی۔اس موقعہ پر راکیش شری واستو ،سمیت گنڈوترہ اورراہل نے کولگیٹ کی نمائندگی کی۔اس دوران اورل ہائی جین کٹس سے متعلق کوئزکابھی اہتمام کیاگیا
لداخ کیلئے آئل ٹینکروں کاقافلہ روانہ
جموں//موسم سرما کے ختم ہوتے ہی خطہ لداخ کے لئے اشیأ ضروریہ بشمول پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کی سپلائی بذریعہ سڑک شروع کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں گذشتہ روز جموں سے تیل ٹینکروں، اے ٹی ایف ، پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی ٹینکر ٹرکوں کا ایک قافلہ لداخ کے لئے روانہ ہوگیا۔اس موقعہ پر سرکاری اہلکاروں کے علاوہ تیل کمپنیوں کے نمائندے اور ٹرانسپورٹر بھی موجود تھے۔نامساعد حالات میں بھی لداخ کے لئے اشیأ ضروریہ کی سپلائی جاری رکھنے کے لئے حکام نے ڈرائیوروں کی خدمات کو سراہا۔
نوجوانوں کوہنردکھانے کیلئے مواقعے فراہم کرنے کی ضرورت:پی ڈی پی
جموں//پی ڈی پی کے سینئریوتھ لیڈر پرویز وفا خان نے کہا ہے ہماری ریاست کے نوجوان بھر پور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ۔ ضرورت اس بات کی کہ انہیں اپنی صلاحیتں بروئے کار لانے کے لئے مناسب مواقعے اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ریاستی اور قومی سطح پر منعقدہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ریاست اور ملک کانام روشن کر سکیں۔ پرویز وفا خان نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ راج کمار کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی ، جنہوں نے آئی بی بی ایف ایف مسٹر انڈیا2018کا مقابلہ جیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ راج کمار نے یہ مقابلہ جیت کر ریاست کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ کی قیادت میں کام کررہی موجودہ سرکار ریاست میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس قدم اٹھارہی ہے۔اس موقعہ پر جودھ سنگھ سینی،موہن سنگھ، مجید خان،راجندر سنگھ،سندیپ کمار، سندیپ جموال،رجت گپتا اور دیگران موجود تھے۔
کھوڑاکھنورمیں کسان میلے کاانعقاد
جموں//کسانوں کی ترقی سے متعلق جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزر بورڈ کی جانب سے 9اپریل 2018کو ایری گیشن گرائونڈکھوڑمیں ایک بیداری کیمپ کم کسان میلے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اس میلے کے دوران کسانوں کو حکومت کی جانب سے ان کی ٖفلاح و بہبود کے لئے شروع کی گئی سکیموں اور زراعت کے جدید طور طریقوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔اس کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے کسانوں کی ترقی سے متعلق جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ کے وائس چیئرمین دلجیت سنگھ چب نے آج متعلقہ افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں اس بیداری کیمپ کم کسان میلے کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا ۔توقع ہے کہ اس کیمپ میں قریباََ پانچ ہزار کسان شرکت کریں گے۔یہ بورڈ کسانوں کو زراعت کے بارے میں جدید طریقوں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے میں ہمیشہ سے ہی پیش پیش رہا ہے ۔
سیکرٹری قبائلی امور کادورہ ٔ سانبہ
گُجر بکروال بوائیز ہوسٹل کے تعمیراتی کام کا جائیزہ لیا
سانبہ / سیکرٹری قبائلی امور سلما حمید نے ناظمِ قبائلی امور محمد رفیع کے ہمراہ نندنی ہلز سانبہ میں تعمیر ہو رہے گُجر بکروال بوائیز ہوسٹل پر جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تعمیراتی کام میں تیزی لا کر اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ قبائلی امور محکمہ نے اس ہوسٹل عمارت کی تعمیر کیلئے پہلے ہی 2.50 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں اور اس پروجیکٹ پر 3.25 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ سیکرٹری جے اینڈ کے ایڈوائیزری بورڈ برائے بہبودِ گُجر و بکروال مختار احمد کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بعد میں سیکرٹری نے افسروں کی ٹیم کے ہمراہ ایڈوائیزری بورڈ کے ارکان کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
سپیکر کا بندو رکھ علاقے کا دورہ
ترقیاتی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی
جموں/ قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ گاندھی نگر حلقے میں پچھلے تین برسوں کے دوران زندگی کے ہر ایک شعبے میں نمایاں ترقی دیکھنے کو ملی اور اس کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کو بہتر بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے حکومت کی طرف سے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سپیکر نے ان باتوں کا اظہار گاندھی نگر میں بندو رکھ کے مقام پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہاں مقامی لوگوں نے بجلی سمیت کئی دیگر شعبوں کے مشکلات اُن کی نوٹس میں لائے ۔ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ سپیکر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران گاندھی نگر حلقے میں 342 کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کنجوانی سے سدجڑا بائی پاس تک فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 345 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں تا کہ علاقے میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کیا جا سکے ۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے ہر ایک علاقے میں طبی نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کو دوام بخشنے کیلئے لازمی اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر اور راجیو گاندھی ہسپتال گنگیال کو بھی بڑھاوا دیا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے علاقے کی ترقیاتی ضروریات پورا کرنے کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پر کافی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔
ایس جی سی کٹرہ میں’’ ماتا کی کہانی ‘‘ پیش
گورنر نے فنکاروں کی عزت افزائی کی
جموں/ شری ماتا ویشنو دیوی جی کی زندگی پر مبنی ’ ماتا کی کہانی‘ نامی پلے کل شام سپریچول گروتھ سینٹر کٹرہ میں ’’نٹرنگ‘‘ نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے اشتراک سے دکھایا گیا۔اس موقعہ پر گورنر این این ووہر اجو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، گورنر کی اہلیہ اوشا ووہرا بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ 350 اہم شخصیات پر مشتمل مجمعے نے بھی یہ پلے دیکھا ۔بعد میں گورنر نے نٹرنگ کے ڈائریکٹر بلونت ٹھاکر کے ساتھ بات چیت کی جو ا س پلے کے ہدایت کار تھے۔ گورنر نے بعد میں تمام 70فنکاروں کے ساتھ ملاقات کی اور بہترین کارکردگی کرنے کے لئے انہیں مبارک باد دی۔گورنر نے انہیں مومنٹوز بھی پیش کئے ۔اس سے پہلے اپنے استقبالیہ خطبے میں بلونت ٹھاکر نے اس میوزیکل پروڈکشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ نٹرنگ نے نوراترا تہوار میں کٹرہ میں ماتا کی کہانی کے 18 شوز کی عکاسی کی ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر ریاسی پرسنا راماسوامی جی ،شرائین بورڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسران اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
حکومت کاکثافت روکنے کے شرحوں پر نظر ثانی کا فیصلہ
جموں/ حکومت نے ریاست میں پلیوشن چیکنگ سنٹروں کی طرف سے گاڑیوں کیلئے پلیوشن کنٹرول سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کے سلسلے میں شرحوں پر نظر ثانی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایم راجوکے ایک حکم نامے کے مطابق نئے شرحوں کے تحت ٹو ویلر ( پیٹرول ) کیلئے 50 روپے ، تھری ویلر ( پیٹرول ) کیلئے 60 روپے ، فور ویلر (پیٹرول) کیلئے 80 روپے اور تمام ڈیزل والی گاڑیوں کیلئے 100 روپے پولیوشن کنٹرول سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ سر ٹیفکیٹ BS-IV گاڑیوں کیلئے 12 مہینے جبکہ دیگر گاڑیوں کیلئے 6 مہینے تک ویلڈ رہے گی ۔
رنبیرکنال سے ملبہ نکالنے کا کام
شام چودھری نے تیزی لانے پر زور دیا
جموں/ صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے رنبیر کنال اور اس کی معاون ندیوں سے ملبہ نکالنے کے عمل کا جائز ہ لیا۔وزیر نے متعلقہ انجینئروں کی ٹیم کی ہمراہ بیلی چرانہ ، راجندر پارک، شکتی نگر، پلوڑا ، پٹولی اور مٹھی کے علاوہ کانا چک، ہیرا چیک ، گجن سو، گل وانڈیال ، پولا چیک اور مڑھ علاقوں کا دورہ کر کے اس کام کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔شکتی نگر دورے کے دوران وزیر نے لوگوں کی جانب سے نہر کے کناروں پر ذخیرہ کئے گئے تعمیراتی میٹریل کو ہٹانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نہر کے کناروں کو صاف رکھنے میں اپنا تعاون دیں۔نہر کو صاف کرنے کے عمل میں سست رفتاری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ انہوںنے یہ کام 11 ؍ اپریل تک مکمل کرنے کے لئے کہا۔وزیر نے لفٹ اری گیشن سکیم کی تعمیر کے لئے زمین کی نشاندہی کرنے اور ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ نہر کے آخری کنارے تک بھی پانی پہنچا یا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کے تحت کئی منصوبے ترتیب دے کر منظوری کے لئے بھیجے گئے ہیں۔
دلی میں خصوصی مائیگرنٹ سیل قائم
جموں/ حکومت نے مائیگرنٹوں سے متعلق معاملات پر نگرانی کرنے کے سلسلے میں نئی دلی کے ریذیڈنٹ کمیشن میں مائیگرنٹوں کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ایک حکمنامے کے مطابق مائیگرنٹوں کے خصوصی سیل کے قیام کے مدنظر ڈاکٹر شفقت خان کو تبدیل کر کے ریذیڈنٹ کمیشن نئی دلی کے دفتر میں بحیثیت جوائنٹ ریذیڈنٹ کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔ڈاکٹر شفقت اس سیل کی سربراہی کرنے کے ساتھ ساتھ مائیگرنٹوں سے متعلق معاملات کی نگرانی کریں گے۔حکومت نے جونئیر سکیل کیس آشو کماری جو اس وقت تحصیل دار ریلیف آرگنائزیشن جموںکے عہدے پر تعینات ہے کو ریذیڈنٹ کمیشن نئی دلی میں کے دفتر بحیثیت انڈر سیکرٹری تعینا ت کیا گیا ہے۔حکمنامے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مائیگرنٹوں کی خصوصی سیل کے لئے باقی ماندہ عملہ پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نئی دلی فراہم کرے گا۔