جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی اوررساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے یوم رساتزک واحتشام سے منایاگیا۔اس سلسلے میں پروفیسرگیان چندجین سیمی نارہال شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا جوتین سیشنوں میں منقسم تھا۔ اس دوران ادباوشعراء کی کہکشاں،اسکالرزاورطلباء نے تقریب میں شمولیت کی۔ اس دوران تقریب کی صدارت برصغیرکے نامورشاعرعرش صہبائی نے کی جبکہ سیکریٹری کلچرل اکادمی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقعہ پر ناموراُردواسکالروں مثلاً برج ناتھ بیتاب ، اسیرکشتواڑی ،عزیزحاجنی اورعر ش صہبائی نے ناموراُردواورکشمیری شاعر رساؔجاودانی کے 39ویں یوم وصال پر شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین نے رساجاودانی کوبلندپایہ شاعرقراردیتے ہوئے کہاکہ رساؔ کی شاعری میں قومی یکجہتی اوربھائی چارے کی بھرپورعکاسی ملتی ہے۔ رساجاودانی کشمیری زبان کے ایک ستون ہیں جنھوں نے ابتداء میں اُردومیں شاعری شروع کی اوراُردوادب میں شہرت دوام حاصل کی۔مقررین نے بتایاہ ساہتیہ اکادمی رساؔجاودانی کے مونوگراف کو24ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ کروارہی ہے تاکہ رساؔجاودانی کی شاعری ادبی حلقوں اوران کاپیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔رساؔجاودانی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست کے نامورتاریخ دان اسیرؔکشتواڑی نے اپنے چنداشعارشرکاء کے سامنے پیش کئے ،جواس طرح ہیں۔شاعرتھے اچھے رساجاودانی ،شاعرتھے سچے رساؔجاودانی ،اسیریادآتے ہیں کالج کے وہ دِن ،کہ راستے میں ملتے رساؔجاودانی ‘۔برصغیرکے نامورشاعرعرشؔ صہبائی نے رساؔجاودانی کے ساتھ گذارے اپنی یادوں کوشرکاء کے ساتھ مشترک کیااور انہیں ایک نیک دِل انسان اوراُردواورکشمیری کانامورشاعرقراردیا۔یومِ رساؔ تقریب کے دوسرے اجلاس میں اُردوکشمیری مشاعرہ کاانعقادکیاگیاجس میں ستیش کمارسفیر، پیارے ہتاش، ونودکمار،سنتوش نادا، اسیرکشتواڑی، عرش صہبائی نے رساؔجاودانی کواپنے کلام کے ذریعے شاندارخراج عقید ت پیش کیا۔تیسرے اجلاس میں رساؔایوارڈبرائے سال 2016،2017اور2018عطاکیاگیاجوروہت ورما، قولین کوربجرال اورڈاکٹرعزیزحاجنی کودیاگیا۔مقررین نے مذکور ہ ایوارڈحاصل کرنے والی ادبی شخصیات کی اُردوزبان وادب کیلئے ادبی خدمات کوسراہا۔قبل ازیں صدرشعبہ اُردواورصدررساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک نے مہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے رساؔجاودانی کی حیات اوراُردواورکشمیری زبانوں کی ترقی کیلئے انجام دی گئی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے رساجاودانی کوایک سیکولرشاعرقراردیا۔اس دوران پروگرام کی نظامت کے فرائض جنرل سیکریٹری رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی اسیرؔکشتواڑی نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے پیش کی۔