انڈر19 تائیکوانڈو میں گولڈمیڈل جیت کر
سیدمحمدارشد نے نیشنل ایس جی ایف آئی گیمزکیلئے کوالیفائی کرلیا
جموں//کے وی سنجواں کے طالب علم سیدمحمدارش نے گذشتہ روزضلع بڈگام میں منعقدہ انڈر19 تائیکوان ڈو چیمپئن شپ میں ریاستی سطح پر گولڈمیڈ ل جیت کر نیشنل ایس جی ایف آئی گیمز2019 کیلئے کوالیفائی کیا۔مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے علاوہ کے وی سنجواں کے اساتذہ اورپرنسپل نے سیدمحمدارشد کی اس کامیابی پروالدین کومبارکبادپیش کی ہے اورتوقع کی ہے کہ سیدمحمدارشد آئندہ برس قومی تائیکوان ڈوگیمزمیں بھی جموں بالخصوص کے وی سکول کانام روشن کریں گے۔
فوج میں بھرتی کے خواہشمندوں کیلئے اکھنورمیں تربیتی کیمپ اختتام پذیر
یوتھ ایمپلائمنٹ گائیڈنس نوڈ اکھنورمیں پری ریکروٹمنٹ ٹریننگ 4 سے 29 ستمبرتک منعقدکی گئی جس میں نوجوانوں کوانڈین آرمی میں بھرتیوں میں حصہ لینے کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ تربیت حاصل کرنے والے گروپ میں پلانوالہ علاقہ کے نوجوان اوررضاکارشامل تھے۔تربیت کامقصد ہندوستانی فوج میں بھرتی کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے تربیت دیناتھا۔اس دوران نوجوانوں کوفزیکل ٹریننگ ،تحریری امتحان اورمیڈیکل ٹیسٹ کے مختلف پہلوئوں کی جانکاری دی گئی ۔اس دوران تحریری امتحان کیلئے گائیڈ، گرایمر کی کتابیں بھی نوجوانوں کودی گئیں اورٹی شرٹس، شوزاورٹریک سوٹس بھی فراہم کئے گئے۔
ریہاڑی میں کلش یاتراکااہتمام
عظمیٰ نیوز
جموں//ریہاڑی کے ہری مندرجموں سے کلش یاترا،بھاگوت سپتاہ شروع ہوئی جومختلف گلیوں سے ہوتی ہوئی واپس ہری مندرریہاڑی پہنچ کراختتام پذیرہوئی۔شریمد بھاگوت کتھاکر پھول کمارشاستری ،بھوپندرشاستری اورپردیپ کمارشاستری بھی دیگردیگرعقیدت مندوں کے ہمراہ کلش یاترامیں شامل ہوئے۔اس دوران مذکورہ شاستریوں نے اکھل بھارتیہ دھرم پرچارک سیواسمتی جے اینڈکے جموں کی مذہبی سرگرمیوں کوفروغ دینے کے حوالے سے کاوشوں کوسراہا۔اس موقعہ پر خیالات کااظہارکرتے ہوئے اکھل بھارتیہ دھرم پرچارسمیتی کے آرگنائزر سنیل شرمانے کہاکہ سمیتی نے لوگوں کوبتادیاہے کہ بھاگوت کتھا7اکتوبرتک جاری رہے گی اوریہ ہرروز صبح سات بجے شروع ہوگی اورشام 6 بجے تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ 7 اکتوبرکوکتھاکی اختتامی تقریب منعقدہوگی جوصبح گیارہ بجے شروع ہوگی ۔اس موقعہ پر رمن شرما، راجیش ورما، راجا سنگھ ،پرشوتم شرما، روہت سینی ،بشن شرما،اجے کمار ،مدن موہن گپتاودیگران بھی موجودتھے۔
رہبرتعلیم ٹیچرس ایسوسی ایشن نے جشن منایا
ادہم پور//جموں کشمیررہبرتعلیم ٹیچرس ایسوسی ایشن نے ایس ایس اے اوررمسااساتذہ کے حق میں حکومت کی طرف سے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے کے اعلان کاجشن منانے کیلئے ادہم پورمیں جشن تقریب کاانعقاد کیاگیا۔اس دوران مقررین نے ریاستی گورنر کاایس ایس اے اساتذہ کی جائزمانگوں کوپوراکرنے کیلئے ان کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ ہم ریاستی چیف سیکریٹری، صلاحکار خورشیداحمدگنائی،کمشنر سیکریٹری ایجوکیشن اندرجیت ساہو ،ڈائریکٹرسماگرا ،طفیل متو،ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن اورراکیش سنگرال ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن جموں کاشکریہ اداکرتے ہیں ۔بھوپندرسنگھ نے گورنرانتظامیہ پرزوردیاکہ اپریل 2018 کے ایرئیرزبھی ساتویں تنخواہ کمیشن کی تنخواہوں کے ساتھ واگذارکیے جائیں۔اسی طرح ریاسی میں آرای ٹی فورم ریاسی نے بھی جشن منایا۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کایک روزہ کنکلیو
جموں//جے اینڈکے پرائیویٹ اسکول کوآرڈی نیشن نے یہاں ایک نجی ہوٹل میں ’’آٹانومی آف پرائیویٹ سکولز۔فائنانشل اینڈاکیڈمکس اسپیکٹس ‘‘موضوع پر ایک روزہ کلنکلیوکاانعقاد کیاگیاجس میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کشمیراورچناب ویلی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اس دوران ایسوسی ایشن نے پرائیویٹ سکولوں کودرپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر خیالات کااظہارکرنے والوں میں رامیشورسنگھ منہاس ،صدرجے کے پی ایس سی سی نے کہاکہ فیس کاتعین،پرائیویٹ سکولوں کی لیگل پروٹیکشن اہم مسائل ہیں۔دھیرج گپتا،ایگزیکٹیوممبرجے کے پی ایس سی سی نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ریاست کے پرائیویٹ سکولوں میں اپنائے گئے فیس ڈھانچے کے بارے میں جانکاری دی ۔ بلکاران سنگھ کوآرڈی نیٹر نے پرائیویٹ سکولوں کے تعلیمی رول کواُجاگرکیا۔ڈاکٹرہری دت ششو ،کارگذارصدرجے کے پی ایس سی سی نے شرکاء کویقین دہانی کرائی کہ مسائل کومتعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایاجائے گااوران کاازالہ کرایاجائے گا۔جی این وارصدر پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن کشمیرنے شرکاء پراتحادقائم رکھنے پرزوردیا۔ رامیشورسنگھ منہاس نے تمام شرکاء کاشکریہ اداکیا۔اس موقعہ پر سنجیت کمارشرما ادہم پور، حافظ (ڈوڈہ)،خورشیداحمد(کلگام)، دنیش شرما آرایس پورہ،مہی پال شرماکٹھوعہ، طارق وانی(چناب ویلی )،ست پال بڑیال کٹھوعہ،پردیپ سنگھ ریاسی،منصوراحمد ،خورشیدبسمل راجوری ،راجیش شرماآرایس پورہ نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔
پری میٹیو ٹرائبل گروپ کادرجہ دینے کامطالبہ
گوجروں نے میمورنڈم صدرووزیراعظم کوارسال کیا
جموں//گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ انہیں ’’پری میٹیوٹرائبل گروپ ‘درجہ دیاجائے جس کے تحت قبائلی طبقہ میں سب سے زیادہ پسماندہ لوگوں کیلئے مخصوص ریزرویشن دی جاتی ہے۔یہ مانگ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے صدرہندرام ناتھ کوونداوروزیراعظم نریندرمودی کوٹرائبل ریسرچ اینڈکلچرل فائونڈیشن کے ذریعے ایک یادداشت ارسال کرکے کی گئی ہے ۔اس مانگ میں طبقہ کے معززلوگوں نے دستخط کرکے اس مانگ کوجائزٹھہرایاہے ۔اس سلسلے میں ایک میٹنگ کے دوران گوجراسکالر جاویدراہی نے کہاکہ وزارت امورقبائلی امورحکومت ہندکے مطابق کسی بھی ایس ٹی گروپ کے لوگ جونہایت پسماند ہ ہوں ،جنگلات ،دودھ کی مصنوعات پرانحصارکرتے ہوں کوپری میٹیوٹرائبل گروپ (پی ٹی جیز) کادرجہ دیاجاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرکی کل آبادی کے تیسرے بڑے حصے گوجربکروال طبقہ کے لوگ نہایت ہی پسماندہ حالت میں گذربسرکرتے ہیں اوران کی معاشی حالت بھی کافی خستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال یہ حق رکھتاہے کہ اسے پری میٹیو ٹرائبل گروپ کادرجہ دیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کے لوگوں نے ٹرائبل ریسرچ اینڈکلچرل فائونڈیشن کے ذریعے صدرہنداوروزیراعظم کوایک میمورنڈم ارسال کرکے یہ مانگ بھیجی ہے ۔
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی مرکزی سرکار کو بلیک میل کرنا چاہتی تھیں: کویندر گپتا
یو ا ین آئی
جموں // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے الزام لگایا کہ نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرکے مرکزی سرکار کو بلیک میل کرنا چاہتی تھیں لیکن ان کی بلیک میلنگ پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ مسٹر گپتا اتوار کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس پریس کانفرنس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بی جے پی کے منشور کو جاری کردیا گیا جس میں شہری لوگوں سے تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے قوم کے نام اپنے خطاب کہا تھا کہ جموں وکشمیر میں بلدیاتی اور پنچایتی اداروں کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے وعدے نبھایا ہے۔ اگرچہ کچھ علاقائی جماعتوں نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے لیکن ان کے بھی پراکسی امیدوار میدان میں ہیں۔ ان کی بلیک میلنگ پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ لوگ خوش ہیں کہ جمہوریت کو مضبوط کیا جارہا ہے۔ آنے والے کچھ وقت کے اندر لوگوں کو مقامی سطح پر نمائندے ملیں گے، وہ ان کے روزمرہ کے مسائل حل کریں گے‘۔ کویندر گپتا نے کہا کہ بی جے پی بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا خیرمقدم کرنے والی پہلی جماعت تھی۔ انہوں نے کہا ’سب سے پہلے بی جے پی نے ان انتخابات کا خیر مقدم کیا۔ کشمیر کی کچھ جماعتوں نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا ۔ لیکن ان کی طرف سے پراکسی امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں‘۔ بی جے پی لیڈر نے الزام لگایا کہ ریاست میں گذشتہ 70 برس کے دوران اقتدار میں رہنے والی جماعتوں نے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ ان کا کہنا تھا ’بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 8 اکتوبر کو ہونے والی ہے۔ ہم نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے منشور کو جاری کردیا ہے۔ یوں تو دیش بھر میں گذشتہ 70 برسوں کے دوران اب تک 13 مرتبہ کارپوریشنز، کمیٹیوں، کونسلوں اور پنچایت کے انتخابات ہوچکے ہیں، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ ریاست میں جو جماعتیں اقتدار میں رہیں، انہوں نے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنی کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ یہ صرف چوتھی بار ہے کہ ریاست میں یہ انتخابات ہورہے ہیں‘۔ یو این آئی