سری نگر//سماجی بہبود کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون نے آج محکمہ کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف قومی سطح کی سماجی امداد کی سکیموں ، میریج اسسٹنس اور وظائف کی سکیموں پر جاری عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر لون نے مختلف سکیموں کے تحت دستیاب تمام رقومات کو بہتر طریقے پر خرچ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ رقومات متعلقین تک احسن طریقے سے پہنچ جانے چاہئیں۔انہوں نے افسران کوہدایت دی کہ وہ غریب اور نادار لوگوں کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان سکیموں کے تحت انہیں مستفید کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود متعلقہ لوگوں کے لئے جانکاری کیمپ منعقد کریں تاکہ عوام الناس محکمہ کی سکیموں کے بارے میں روشنا س ہوںاور وہ ان سکیموں سے فوائد حاصل کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو طلاب مختلف وظائف کے لئے درخواستیں دیتے ہیں انہیں آسان طریقے پر وظائف فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ آئی جی این او اے پی سکیم کے تحت 72265مستحقین کے حق میں مالی امداد کی منظوری دی گئی ۔ اس کے علاوہ آئی جی ڈبلیو پی سکیم کے تحت 4947 مستحقین کو بھی مالی امداد منظور کیا گیا جبکہ آئی جی این ڈی پی کے تحت 1444 مستحقین کے مالی امداد کو بھی منظوری دی گئی ۔محکمہ سماجی بہبود کے مطابق آئی ایس ایس ایس کے تحت 2,42,668مستحقین کے حق میں 1000روپے کا ماہانہ پنشن منظور کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 1,83992 مستحقین کو میریج اسسٹنس سکیم کے دائرے میں لایا گیا ہے۔محکمہ نے سال 2018-19کے دوران میرٹ کم مینز سکالر شپ کے لئے 7692، پوسٹ میٹرک مائنارٹی سکالر شپ کے لئے 54,635 اور پری میٹرک مائنارٹی سکالر شپ کے لئے 132,769درخواستیں موصول کی ہیں۔میٹنگ میں محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔