جموں //جموں توی پل کے فنڈز میں مبینہ خرد برد اور سروے میں تبدیلی کیخلاف پنتھرس پارٹی کارکنوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔پارٹی کے زونل صدر نیرج گپتا کی قیادت میں کارکنوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ توی پل کی تعمیر کیلئے مخصوص فنڈز میں کی گئی خرد برد کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے ۔مظاہرین نے سابقہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت میں شامل دونوں سیاسی پارٹیوں نے جموں کی عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے مبینہ طورپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ توی پر تعمیر کئے جارہے چوتھے پل کی تعمیر میں غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ پل کا حصہ دو مرتبہ ٹوٹ چکا ہے اور اس کی مرمت پر لاکھوں روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔اس موقعہ پر نیرج گپتا نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس پل کو جموں اکھنور شاہراہ سے جوڑنا تھا لیکن انتظامیہ کی طرف سے اس پروجیکٹ کو تبدیل کر دیا گیا اور بھاجپا کے سابقہ ممبراسمبلی ودیگر لیڈران کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پل کی تعمیر میں ہوئی خرد برد اور اس کی جگہ کو تبدیل کرنے کے سلسلہ میں انکوائری کروائی جائے ۔